اسلام آباد: ( صفدر حسین سے ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی معذور افراد کی زندگی میں خوشحالی اور سہولیات لانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہیں، باعزت اور کامیاب زندگی گزارنے کے حوالے سے یونیورسٹی معذور افراد کو میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح تک مفت تعلیم فراہم کرتی ہے”۔اِن خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے معذورں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کیا ہے۔ڈاکٹر ناصر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے اپنی لائبریری میں نابینا طلبہ کے لئے “ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹر” بھی قائم کیا ہے۔اِس جدید ایکسسیبلٹی سینٹر میں فراہم کئے گئے مخصوص کمپیوٹرز ٗ ھیڈ فونز اور مختلف جدید سافٹ وئیرز کے ذریعہ معذور طلبہ و طالبات آسانی سے ایچ ای سی کی ڈیجیٹل لائبریری ٗ الیکٹرانک بکس ٗ تحقیقی مضامین ٗ جنرلز اور مقالوں تک باآسانی رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔یہ بات قابل فخر ہے کہ اوپن یونیورسٹی ملک کی واحد پبلک سیکٹر یونیوسٹی ہے جو معذور افراد کو پوسٹ گریجویٹ سطح تک تعلیم مفت فراہم کررہی ہے۔ معزور طلبہ کے لئے مختلف سکالر شپس بھی دستیاب ہیں جن کے لئے یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ میں ایک خصوصی فنڈ بھی مختص کی ہوئی ہے۔