یہ اوپن یونیورسٹی کا ایک بڑا کارنامہ ہے، علمی سنگ میل ہے۔ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر
اسلام آباد: ( صفدر حسین سے)
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترجمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک یادگار تقریب میں ”انسائیکلوپیڈیا آف ٹرانسلیشن اسٹڈیز” کی رونمائی کی گئی جسے تقریب کے مقررین نے ترجمے کے علم اور ادبی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے سینٹر فار لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن اسٹڈیز کی جانب سے ”ترجمہ اور بھروسہ مند مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے انسائیکلوپیڈیا کی اشاعت کو سینٹر کی ایک شاندار کامیابی اور علمی سنگِ میل قرار دیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ترجمہ محض الفاظ کی منتقلی نہیں بلکہ تہذیبوں، ثقافتوں اور علوم کے درمیان ایک مضبوط پُل ہے جو انسانوں کو قریب لاتا ہے۔سینٹر فار لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن اسٹڈیز کے ڈائریکٹر،ڈاکٹر غلام علی نے کہا کہ ترجمہ آج کے دور میں علمی، سماجی اور ثقافتی ترقی کا بنیادی وسیلہ ہے اور نئی نسل کو اس شعبے میں بھرپور دلچسپی لینی چاہیے۔

انہوں نے 21ویں صدی کے علومِ ترجمہ کی ترقی کو اس انداز میں بیان کیا کہ یہ محض لسانی عمل نہیں بلکہ فکری و تہذیبی ارتقا کا آئینہ ہے اور آج کی جدید مشین ترجمے اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے انسانی بصیرت اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج سے ترجمہ کو ایک نئی جہت عطا کر رہی ہیں۔دیگر مقررین میں سیکرٹری نیشنل بک فاؤنڈیشن مراد علی، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، معروف کالم نگار و سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر شہزاد اقبال شام اور ڈاکٹر فرخ عباس شامل تھے جنہوں نے ترجمے کی علمی و تحقیقی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ ترجمہ نگاری کے لیے دونوں زبانوں پر مضبوط گرفت ضروری ہے۔

انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سینٹر فار لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن اسٹڈیز کو انسائیکلوپیڈیا کی کامیاب اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ یہ علمی کاوش تدریس و تحقیق کے نئے دروازے کھولے گی۔تقریب کی نظامت ڈاکٹر لبنیٰ عمر نے خوش اسلوبی سے انجام دی جبکہ اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اشاعت کو ایک تاریخی علمی سنگِ میل قرار دیا۔