اوپن یونیورسٹی کی قرعہ اندازی، 10 خوش نصیبوں کو عمرہ کی سعادت نصیب ہوگی

محمد قدیر(سیکیورٹی گارڈ)کی قسمت چمک اُٹھی، وائس چانسلر ذاتی خرچ پر عمرہ کی سعادت بخشیں گے

اسلام آباد: (صفدر حسین سے)

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عمرہ اسکیم کی قرعہ اندازی یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں 7 ملازمین و افسران کے نام سامنے آئے۔ کامیاب افراد میں نعمان حمید خان، محمد طاہر، ملک نور حیات، نصیر احمد، آصف اقبال، محمد صفدر اور محمد عدیل شامل ہیں۔آٹھویں پرچی نکالتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اعلان کیا کہ وہ نام نکلنے والے خوش نصیب کو اپنی ذاتی جانب سے عمرہ پر بھجوائیں گے۔ یہ سعادت محمد قدیر (سیکیورٹی گارڈ) کے حصے میں آئی جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ مزید برآں ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بھی آئندہ ہفتے ایک اور خوش نصیب کا انتخاب کیا جائے گا۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمرہ کی سعادت دنیاوی وسائل کی مرہونِ منت نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت اور کرم ہے، بعض اوقات انسان کے پاس بے پناہ دولت و ثروت موجود ہوتی ہے لیکن پھر بھی اسے یہ عظیم سعادت نصیب نہیں ہوتی۔ انہوں نے عمرہ قرعہ اندازی میں نام نکلنے والے خوش نصیب ملازمین کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شیر آصف ستی نے بتایا کہ 2008ء میں شروع ہونے والی اس اسکیم کے تحت اب تک 92 ملازمین عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں جو ادارے کی ایک بابرکت روایت بن چکی ہے۔تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر، عمرہ کمیٹی کے چئیرمین، سید ضیاء الحسنین نقوی و دیگر افسران و ملازمین شریک تھے۔

Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация