بیٹی کی شادی کے لیے امریکہ سے آنے والا ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین سہیل انجم ججہ سگے بھائی کے ہاتھوں قتل

 لاہور کے علاقے چوہنگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بیٹی کی شادی کے لیے امریکہ سے پاکستان آنے والے ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین سہیل انجم ججہ کو ان کے سگے بھائی نے مبینہ طور پر چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعے میں ان کا دوسرا بھائی بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز چوہنگ کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔ تینوں بھائیوں کے درمیان مالی لین دین اور گھریلو معاملات پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جمشید انجم ججہ نے طیش میں آ کر اپنے دونوں بھائیوں سہیل انجم ججہ اور نفیس انجم ججہ پر چھری سے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 55 سالہ سہیل انجم ججہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔ جبکہ دوسرے بھائی نفیس انجم ججہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقتول سہیل انجم ججہ کچھ عرصہ قبل اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے امریکہ سے پاکستان آئے تھے۔ ان کی بیٹی کی شادی 30 اکتوبر کو لاہور میں بڑی شان و شوکت سے انجام پائی تھی، جس میں پاکستان کی ممتاز کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی تھی۔ شادی کے بعد وہ پاکستان میں ہی مقیم تھے کہ بھائیوں کے درمیان مالی تنازع نے شدت اختیار کر لی اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔

سہیل انجم ججہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں کاروباری شخصیت تھے۔ وہ امپورٹ ایکسپورٹ کی مشہور کمپنی ”  ڈبلیو بی ایم ” کے بانی تھے۔ ان کا کاروبار 27 ممالک تک پھیلا ہوا تھا، جس میں پاکستانی گلابی نمک ( پنک سالٹ  ) کا کاروبار بھی شامل تھا۔ انہوں نے امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں دنیا کا مشہور نارتھ لینڈز ریلوے منی ایچر میوزیم بھی خریدا تھا، جو سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم جمشید انجم ججہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے اہل خانہ اور گواہوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ 

ایک ماہ قبل جو باپ اپنی بیٹی کو خوشی خوشی رخصت کرنے پاکستان آیا تھا، آج اسی بیٹی اور اہل خانہ کو غم میں ڈوبا چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہو گیا۔ اس واقعے نے لاہور سمیت امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی سوگوار کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *