امریکی شہر آگڈن کے میئر بن نڈوسکی سے جموں کشمیر کمیونٹی کی اہم ملاقات، عشائیے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ
کشمیری کمیونٹی کا امریکی کانگریس، سینیٹ اور صدر سے رابطے کے لیے میئر سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا
میئر بن نڈوسکی کی کشمیری کمیونٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی، طلبہ و طالبات کی رہنمائی، انٹرن شپ اور سماجی و کاروباری سرگرمیوں میں معاونت کا وعدہ
آگڈن، یوٹا (منظور حسین سے)

امریکی ریاست یوٹا کے شہر آگڈن میں مقیم جموں کشمیر کمیونٹی کی جانب سے شہر کے میئر بن نڈوسکی کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور انسانی حقوق سے متعلق تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے میئر کو علاقے کی صورتحال، شہریوں کے مسائل اور اپنے اہلِ خانہ سے رابطوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکی انتظامیہ اور متعلقہ حکومتی اداروں تک ان کے تحفظات پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔
تقریب کے دوران جموں کشمیر کمیونٹی کے نمائندوں نے میئر بن نڈوسکی کو بریفنگ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاکستانی زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں پاکستانی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام کو مبینہ طور پر تشدد، قتل و غارت، گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور بنیادی سہولیات کی بندش جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں فون، انٹرنیٹ، خوراک اور ادویات کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

کمیونٹی نمائندوں نے کہا کہ یوٹا میں مقیم جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے متعدد خاندان اپنے آبائی علاقوں میں موجود اہلِ خانہ کے حوالے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق رابطوں میں تعطل کے باعث بیرونِ ملک مقیم کشمیری اپنے عزیز و اقارب کی خیریت معلوم کرنے سے بھی قاصر ہیں، جس کی وجہ سے وہ مسلسل ذہنی دباؤ اور اضطراب میں زندگی گزار رہے ہیں۔
شرکاء نے بریفنگ میں مزید الزام عائد کیا کہ بنیادی حقوق، صحت، تعلیم، روزگار، امن، انصاف اور معیاری خوراک کے حصول کے لیے آواز اٹھانے والے متعدد شہریوں کو مبینہ طور پر شہید کیا گیا، ہزاروں افراد کو مقدمات قائم کرکے گرفتار کیا گیا، جبکہ کئی افراد کی جبری گمشدگیوں کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ کمیونٹی رہنماؤں نے ان حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
امریکی کانگریس، سینیٹ اور صدر تک کشمیری عوام کی آواز پہنچانے کی اپیل
جموں کشمیر کمیونٹی کے نمائندوں نے آگڈن کے میئر سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ایک جامع تحریری رپورٹ مرتب کرکے امریکی کانگریس، سینیٹ اور صدرِ امریکہ کو ارسال کریں، تاکہ متعلقہ امریکی حکام کو کشمیری عوام کے تحفظات اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے میئر پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ، شہریوں کی جان و مال کی سلامتی اور مبینہ تشدد و قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
اس موقع پر کمیونٹی نمائندوں نے مقامی سطح پر آباد کشمیری خاندانوں، بالخصوص نوجوان نسل کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آگڈن میں مقیم جموں کشمیر کمیونٹی کے بچوں اور نوجوانوں کو شہر کی انتظامیہ اور معروف سماجی و دیگر اداروں میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کرکے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
کمیونٹی کی جانب سے یہ بھی درخواست کی گئی کہ شہر کی انتظامیہ جموں کشمیر کمیونٹی کی کاروباری، سیاسی، سماجی، علمی اور ادبی سرگرمیوں کی سرپرستی اور رہنمائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے کشمیری کمیونٹی نہ صرف اپنی نئی نسل کی بہتر تربیت اور ترقی کے مواقع حاصل کر سکتی ہے بلکہ شہر کی مجموعی سماجی و معاشی سرگرمیوں میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
میئر بن نڈوسکی کی تعاون کی یقین دہانی، کشمیری طلبہ کی رہنمائی کو ذمہ داری قرار دے دیا
عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آگڈن کے میئر بن نڈوسکی نے جموں کشمیر کمیونٹی کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ پاکستانی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے فراہم کردہ معلومات اور تحفظات کی بنیاد پر ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے متعلقہ وفاقی حکومت اور اداروں تک پہنچائیں گے۔
میئر نے بالخصوص جموں کشمیر کمیونٹی کے نوجوانوں اور زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کی رہنمائی اور معاونت کو اپنی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو تعلیمی، پیشہ ورانہ اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ مقامی انتظامیہ نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کے لیے ممکنہ مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
بن نڈوسکی نے مزید کہا کہ ان کا دفتر اور شہر کی انتظامیہ جموں کشمیر کمیونٹی کی خدمت اور معاونت کے لیے ہر وقت حاضر ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کی جانب سے پرتکلف میزبانی اور محبت و احترام کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری کمیونٹی کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر جموں کشمیر کمیونٹی آگڈن کی جانب سے میئر بن نڈوسکی کو پونچھ کی روایتی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ میئر نے اس روایتی تحفے کو محبت اور ثقافتی وابستگی کی خوبصورت علامت قرار دیتے ہوئے کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
یہ عشائیہ نہ صرف جموں کشمیر کمیونٹی اور شہر کی مقامی قیادت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنا بلکہ اس موقع پر کشمیری نوجوانوں کی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی، سماجی شمولیت اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کو امریکی حکام تک پہنچانے کے حوالے سے بھی اہم تجاویز سامنے آئیں۔

