امریکن مسلم ایڈووکیسی نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب 12 جولائی کو ہکس وِل، نیویارک میں منعقد ہوگی

“Faith, Freedom & Gratitude”

کے عنوان سے منعقد ہونے والی تقریب میں بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی، امریکی مسلم کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف اور اتحاد کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا

بروکلین نیویارک: (منظور حسین سے )

امریکن مسلم ایڈووکیسی نیٹ ورک (امن)  کی جانب سے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار اور منفرد تقریب 

“Faith, Freedom & Gratitude”

 کے عنوان سے اتوار، 12 جولائی 2026 کو شام 5 بجے محفل ریسٹورنٹ اینڈ بینکوئٹ، 46 ویسٹ اولڈ کنٹری روڈ، ہکس وِل، نیویارک میں منعقد کی جائے گی۔ تقریب کا مقصد امریکہ کی ڈھائی سو سالہ قومی تاریخ، آزادی، مذہبی رواداری، جمہوری اقدار اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے مابین باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ تقریب امریکی مسلم کمیونٹی کی ملک کی ترقی، سماجی خدمات اور قومی تعمیر میں مثبت کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، امن اور باہمی تعاون کے پیغام کو عام کرے گی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، مذہبی رہنما، کمیونٹی لیڈرز، سماجی کارکنان، نوجوان، خواتین اور مختلف مذاہب کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر امریکہ کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی خوشی میں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی۔ پروگرام کے دوران روح پرور خطابات ، کمیونٹی ڈنر، حب الوطنی پر مبنی خصوصی خراجِ تحسین ، امریکی مسلم کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزازات، نیٹ ورکنگ اور باہمی ملاقات سمیت مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ تقریب کا اختتام امریکہ کی آزادی، مذہبی آزادی، شکرگزاری اور قومی اتحاد کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوگا۔ اس تقریب کا مرکزی پیغام “ایک قوم، کئی عقائد، مشترکہ مستقبل” رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے اس امر کو اجاگر کیا جائے گا کہ امریکہ مختلف مذاہب، ثقافتوں اور قومیتوں کا مشترکہ وطن ہے، جہاں اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ مستقبل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔ امریکن مسلم ایڈووکیسی نیٹ ورک نے نیویارک اور گردونواح میں مقیم پاکستانی، امریکی اور دیگر کمیونٹیز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تاریخی تقریب میں بھرپور شرکت کرکے قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کریں۔ تقریب کے انعقاد میں محفل ریسٹورنٹ اینڈ بینکوئٹ بطور ایونٹ پارٹنر تعاون کر رہا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *