یونیورسٹی آف لاہور میں جدید ترین میڈیکل لیبارٹری کا افتتاح، طبی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت
جدید سہولیات سے آراستہ لیبارٹری طلبہ کو عملی مہارت، جدید تشخیصی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرے گی
افتتاحی تقریب میں بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین مسٹر اویس رؤف، ڈپٹی چیئرمین مسٹر عزیر رؤف، یونیورسٹی آف لاہور کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر حیات خان اور سٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد میں شرکت

لاہور: یونیورسٹی آف لاہور کے فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تحت قائم یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ ایک نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ باوقار تقریب میں یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت، فیکلٹی اراکین، طلبہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

نئی لیبارٹری کے قیام کو میڈیکل لیبارٹری تعلیم، تحقیق اور جدید طبی تشخیصی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین مسٹر اویس رؤف، ڈپٹی چیئرمین مسٹر عزیر رؤف، یونیورسٹی آف لاہور کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر حیات خان نے شرکت کی اور نئی لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جدید آلات اور عالمی معیار کی سہولیات سے مزین یہ لیبارٹری طلبہ کو نظریاتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس سے طلبہ جدید تشخیصی ٹیکنالوجی، لیبارٹری سائنس، طبی تحقیق اور بائیو میڈیکل شعبوں میں درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نئی سہولت کے قیام سے کلاس روم میں حاصل ہونے والے علمی تصورات کو عملی تجربات سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں ایسے ماہر میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجسٹ تیار ہوں گے جو مریضوں کی تشخیص، علاج میں معاونت، بیماریوں کی بروقت شناخت اور سائنسی تحقیق کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔

یونیورسٹی کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف لاہور عالمی معیار کی تعلیم، جدید تحقیق، جدید انفراسٹرکچر اور طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے گی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ صحت کے شعبے میں جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے جدید لیبارٹریوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور یونیورسٹی اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کی قیادت کی مسلسل سرپرستی، دور اندیش قیادت اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نئی لیبارٹری نہ صرف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے طلبہ کے لیے جدید تعلیم و تحقیق کے نئے مواقع فراہم کرے گی بلکہ پاکستان کے صحت کے شعبے میں اعلیٰ تربیت یافتہ پیشہ ور افراد کی تیاری میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔


