پاکستان نے ہر چیلنج کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا: ڈاکٹر ناصر محمود
اسلام آباد 14 اگست(صفدر حسین سے)
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یومِ آزادی کی 78ویں سالگرہ ملی جوش و جذبے، حب الوطنی کے ولولے اور قومی عزم کی تجدید کے ساتھ منائی گئی۔ پُروقار تقریب کا آغاز یونیورسٹی کے چاق و چوبند سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا۔ بعد ازاں قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

تقریب کے بعد ”پاکستان منزل بہ منزل” کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر نے کی۔دیگر شرکاء میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ اور عبدالباسط مجاہد شامل تھے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہم یومِ آزادی کو ”معرکہ حق” اور ”آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابیوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے صرف سات ممالک ایٹمی طاقت رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھی یہ عظیم صلاحیت عطا کی ہے کہ وہ دشمن کے ہر وار کا مؤثر جواب دے سکے۔انہوں نے کہا کہ مئی میں دشمن کی جانب سے حملے کی کوشش کو ہماری مسلح افواج نے ناکام بنا کر دنیا کے سامنے پاکستان کا وقار مزید بلند کیا جس پر پوری قوم اپنی افواج کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بے شمار چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آج سے بیس سال قبل کے مقابلے میں ہم کہیں زیادہ ترقی یافتہ مقام پر کھڑے ہیں۔سیمینار کا اہتمام شعبہ تاریخ اور شعبہ پاکستان اسٹڈیز نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کاؤنسلنگ سروسز کے تعاون سے کیا۔

مقررین میں ڈاکٹر عبدالباسط مجاہد، شعبہ تاریخ کی چیئرپرسن ڈاکٹر کشور سلطانہ، ڈاکٹر کوثر پروین اور ڈاکٹر محمد ساجد خان شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ 78 برسوں کے دوران پاکستان نے ناممکنات کو ممکن بنایا۔ قیامِ پاکستان کے وقت صرف ایک یونیورسٹی تھی، آج 500 سے زائد جامعات قائم ہیں اور ہر شعبے میں قابلِ ذکر ترقی حاصل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی آن اور شان میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور اس کی مزید ترقی کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا جس میں بچوں اور شرکاء نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا اور ”پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔


