تہران (3 اگست 2025): ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے کا خطرہ برقرار ہے لیکن ہمارے میزائل اور ڈرون بھی تیار ہیں۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایرانی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کی میزائل اور ڈرون صلاحیتیں فعال اور برقرار ہیں، تہران اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد دشمن ملک کے خطرات کو نظر انداز نہیں کرتا۔ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانی عوام کی معجزانہ استقامت کے ساتھ اسرائیل کو احساس ہوا کہ اس نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کے سینئر کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ ایران کے خلاف مختلف اس وہم کے تحت سازشیں کر رہا ہے کہ یہ اسلامی نظام کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ تل ابیب کی غلطی 12 روزہ جنگ کے دوران بے نقاب ہوئی جس میں دشمن ملک کے حملے اور ایران کی جانب سے بھرپور جواب ملا۔ انہوں نے ایران کی دفاعی پوزیشن اور مسلح افواج اور عوام کے درمیان اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنگ بندی سے پہلے آخری لمحے تک اپنے حملے جاری رکھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو یہ توقع رکھنی چاہیے کہ ایران اپنی فوجی اور سائنسی ترقی کو پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ آگے بڑھائے گا۔
