امریکی حکومت کی جانب سے آل پاکستانی امریکن کولیشن کو بڑا اعزاز، پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے اہم سنگِ میل
خواتین کی تعلیم، نوجوانوں کی رہنمائی اور سماجی خدمات کے فروغ کے منصوبے پاکستانی امریکن کی سیاسی و سماجی شمولیت بڑھانے کے لیے سرگرم عمل پاکستانی و امریکی کمیونٹی کو قریب لانے کے عزم کا اعادہ
بروکلین، نیویارک: (منظور حسین سے) امریکی حکومت کی جانب سے
All Pakistani American Coalitiion
(APAC)
کو امریکی قانون
501C3
کے تحت ایک اہم اور باقاعدہ تنظیم کی حیثیت سے منظوری ملنے پر پاکستانی امریکن کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے اس پیش رفت کو پاکستانی نژاد امریکیوں کے لیے ایک تاریخی اعزاز اور اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ تنظیم کے عہدیداران کے مطابق آل پاکستانی امریکن کولیشن اب امریکی قوانین کے تحت مزید مؤثر انداز میں فلاحی، تعلیمی، سماجی اور کمیونٹی خدمات انجام دے سکے گی۔ تنظیم خاص طور پر خواتین کی تعلیم، شرح خواندگی میں اضافہ، بچوں کی فلاح و بہبود، اور “انگلش ایز اے سیکنڈ لینگویج” پروگرامز کے ذریعے نئی نسل اور تارکین وطن کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کرے گی۔ آل پاکستانی امریکن کولیشن کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ تنظیم پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے، اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کو امریکی مین اسٹریم میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ تنظیم نے “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں کو اپنی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی امریکہ میں تعلیم، کاروبار، سماجی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ تنظیم کے مطابق آل پاکستانی امریکن کولیشن مختلف سماجی، فلاحی اور کمیونٹی پروگراموں کے ذریعے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، پاکستانی امریکن کمیونٹی میں سیاسی شعور بیدار کرنے، اور امریکی انتخابی نظام میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی سیاسی شمولیت بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ آل پاکستانی امریکن کولیشن کے مقاصد میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا، مختلف مذہبی گروہوں، سیاسی ہنماؤں اور تنظیموں کے درمیان مکالمے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا، نوجوانوں کے پروگرامز، کنونشنز، نمائشوں، کمیونٹی تقریبات، امن کانفرنسز اور دنیا بھر میں ہونے والی ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا بھی شامل ہے۔ کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آل پاکستانی امریکن کولیشن کی اس کامیابی سے نہ صرف پاکستانی امریکن کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا بلکہ امریکہ میں مثبت سماجی سرگرمیوں اور پاکستانیوں کے روشن تشخص کو بھی فروغ ملے گا۔ مختلف سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات نے تنظیم کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آل پاکستانی امریکن کولیشن مستقبل میں مزید فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت جاری رکھے گی۔
تنظیم نے عوام کو مزید معلومات اور رابطے کے لیے اپنی ویب سائٹ اور ای میل کے ذریعے رابطہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔

