ایران کی میزائل بنانے کی صلاحیت ختم کردی ، 7ہزار فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا
امریکا کا آبنائے ہرمز سے صرف ایک فیصد تیل جاتا ہے، آبنائے ہرمز کے راستے تیل لینے والے ممالک مدد کیلئے آگے آئیں، ایران کے 100سے زائد جہازوں کو تباہ کردیا۔ صدر ٹرمپ
واشنگٹن : انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 16 مارچ 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے اتحادیوں سے پھر مدد کی اپیل کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے کئی ممالک سے بات ہورہی ہے۔ میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے امریکا کا صرف ایکفیصد تیل جاتا ہے، آبنائے ہرمز کے راستے تیل لینے والے ممالک آگے آئیں اور مدد کریں، ہم نے بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو ڈبو دیا ہے۔ایران کی میزائل بنانے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔ایران میں زیادہ تر فوجی اور تجارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکا کی طاقتور فوج نے ایران کی رجیم کا خاتمہ کیا۔ ایران کا خطرہ ختم کرنے کیلئے طاقتور فوجی کارروائی کی۔ ایران میں 7 ہزار سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ایران کے دفاعی نظام کو بھی تیزی سے تباہ کررہے ہیں۔ طاقتور فوجی کارروائی کے بعد ایران کے حملوں میں 90 فیصد کمی آئی ۔ہم نے حملوں میں ایرانی قیادت کا خاتمہ کردیا۔ ایران کے ڈرون اور میزائل بنانے کی طاقت ختم کررہے ہیں۔ ایران کے 100 سے زائد جہازوں کو تباہ کردیا۔ ایران کے خرق جزیرے پرآئل پائپ لائن کے سوا سب کچھ تبا ہ کردیا۔ مزید برآں امریکا اسرائیل کے ایران اور لبنان پر حملے 16 ویں روز میں داخل ہو گئے، ایران نے بھی جواب میں 54 ویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے سجیل میزائل برسا دیئے، امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے چین سمیت دنیا بھر سے مدد کی اپیل کی تاہم کسی ملک نے ابھی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کا دعویٰ رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی سے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا، ایران سعودی عرب پر حملوں میں ملوث نہیں، امریکا کے لوکس ڈرون ایرانی ڈرون شاہد کی نقل ہیں، وہی عرب ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، امریکا نے ایرانی دعوے کی تردید کی ہے۔ دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیٹو نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستبقل بہت برا ہوگا، ہم ایران سے بات کر رہے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق 7 ممالک سے بات چیت کررہے ہیں، ان سے آبنائے ہرمز کی حفاظت میں مدد کا مطالبہ کرتے ہیں۔

