رمضان میں مسجد اقصیٰ کی بندش، مسلم ممالک کی اسرائیل پر کڑی تنقید
خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ تک رسائی پر پابندی برقرار رکھنا غیرقانونی اور بلاجواز ہے، مسجد اقصیٰ میں داخل نہ ہونے دینا عبادت گزاروں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام ہے۔
وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور عبادت گاہوں تک بلا رکاوٹ رسائی کے اصول کی کُھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کو مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات پر کوئی حاکمیت حاصل نہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت عبادت گاہوں تک رسائی پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران پر حملوں کے بعد سے اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں تمام مقدس مقامات کو سیکیورٹی وجوہات پر بند کر رکھا ہے۔

