کویت کا بڑا فیصلہ: غیر ملکیوں کو کفیل کے بغیر فری لانس کام کی اجازت، نئی ویزہ اسکیم کی تفصیلات جاری

کویت سٹی (دنیا انٹرنیشنل) خلیجی ملک کویت نے غیر ملکی کارکنوں کے لیے فری لانس ویزا کا منصوبہ بنالیا، مجوزہ فری لانس اسکیم کے تحت تارکین وطن اسپانسرز کے بغیر کام کرسیں گے۔ گلف نیوز کے مطابق کویت اپنی لیبر مارکیٹ کو بہتر بنانے اور رہائشی اجازت ناموں میں طویل عرصے سے جاری تجارت کو روکنے کی کوشش کے حصے کے طور پر ایک ریگولیٹڈ فری لانس ویزہ متعارف کرانے کی طرف بڑھ رہا ہے، اس تجویز کا اعلان نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف نے نجی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ ایک حالیہ ملاقات کے دوران کیا، اس ویزہ کے تحت غیر ملکیوں کو ایک منظم اور قانونی طور پر زیر نگرانی فریم ورک کے تحت روایتی سپانسر کے بغیر آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت ہوگی۔بتایا گیا ہے کہ سکیم کا پہلا مرحلہ سادہ پیشوں پر توجہ مرکوز کرے گا، جس کی سالانہ فیس 750 سے 1 ہزار کویتی دینار کے درمیان متوقع ہے، جو تجدید اور ریگولیٹری تقاضوں کی تعمیل سے مشروط ہوگی، اس ویزہ کیلئے درخواست دہندگان کو ایک تصدیق شدہ رہائشی پتہ رجسٹر کرنے، ایک منظور شدہ ای میل اکاؤنٹ فراہم کرنے، واضح ذاتی ڈیٹا جمع کرانے اور مجاز حکام کے ذریعہ اعلان کیے جانے والے اضافی معیار پر پورا اترنے کی ضرورت ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بعض کم ہنر مند پیشوں میں غیر منظم مزدوری، رہائشی بروکریج اور بڑھتی ہوئی یومیہ اجرت سے منسلک مستقل چیلنجوں سے نمٹنا ہے جہاں کارکنوں کو بعض اوقات بنیادی خدمات کے لیے 25 کویتی دینار یومیہ سے زیادہ ادا کیا جاتا ہے، اس نظام کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ’کمزور نگرانی نے سروس کے معیارات میں کمی اور محدود احتساب میں حصہ ڈالا ہے‘، جب کہ حامیوں کا خیال ہے کہ ’نیا طریقہ کار شفافیت کو بہتر بنا سکتا ہے، کارکنوں کو استحصال سے بچا سکتا ہے اور معیار کو بڑھا سکتا ہے‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *