زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس مظاہرے میں شریک ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کریں۔
کشمیری امریکن کمیونٹیز نیویارک اور واشنگٹن میٹرو ایریاز کی جانب سے 26 ستمبر 2025 بروز جمعہ اقوام متحدہ کے سامنے ایک بڑا احتجاج کریں گے

نیو یارک (منظور حسین سے )
کشمیری امریکن کمیونٹیز نیویارک اور واشنگٹن میٹرو ایریاز کی جانب سے 26 ستمبر 2025 بروز جمعہ اقوام متحدہ کے سامنے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ احتجاج صبح 10 بجے یو این پلازا (پہلی ایونیو اور 47 ویں اسٹریٹ، نیویارک) پر منعقد ہوگا۔مظاہرے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی حکومت خصوصاً نریندر مودی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ دہائیوں سے کشمیری عوام کو ان کے حقِ خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی برادری کی خاموشی نے مودیحکومت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مزید جری بنا دیا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ نریندر مودی کو اقوام متحدہ میں بولنے دینا انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کو سچ اور انصاف کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور ایسے افراد کو پلیٹ فارم نہیں دینا چاہیے جن کے ہاتھ انسانی خون سے رنگے ہوئے ہیں۔مظاہرے کی قیادت راجہ مختار، سردار تاج خان، سردار ظریف خان اور ڈاکٹر امتیاز خان سمیت مختلف کشمیری رہنما کریں گے جبکہ دیگر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی شریک ہوں گے جن میں سردار سوار خان، سردار امتیاز گاروی، خالد اعوان (پی پی پی)، امجد نواز (پی ٹی آئی)، ایجاز فُروخ (آئی پی پی پی) اور دیگر شامل ہیں۔منتظمین نے کشمیری کمیونٹی اور انسانی حقوق کے حامی افراد سےاپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس مظاہرے میں شریک ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کریں۔