پاکستان نے ایران پر حملوں کی مذمت اور کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کر دیا

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔

سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کے بحران پر بحرین اور روس کی جانب سے پیش کی جانے والی قراردادوں کی پاکستان کی حمایت پر ان کا کہنا تھا کہ ایران پر حملوں نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان برادر ملک ایران کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ملک پر غیر ضروری حملے پورے خطے کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث شدید انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر ہونے والے حملوں میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے جبکہ خلیجی ممالک میں مقیم کئی لاکھ پاکستانی شہری اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فضائی آپریشنز میں خلل پڑنے سے ایوی ایشن سیکٹر بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میزائل اور ڈرون حملوں سے شہری آبادی اور املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *