پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ چاند دیکھنے کےلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

عید کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے

عید کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد عیدالفطر کےچاند نظر آنے یا نہ آنےکا اعلان کرے گی۔

 رویت ہلال کمیٹی کے اراکین اجلاس میں شریک ہیں، محکمہ موسمیات اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

اسلام آباد میں مطلع ابر آلود،آسمان میں بادل ہیں، اسلام آباد میں چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

لاہور میں صوبائی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف بلڈنگ میں جاری ہے جس میں مذہبی امور کمیٹی کے اراکین، محکمہ موسمیات اور اوقاف کے افسران شریک ہیں،  اجلاس میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ہو رہا  ہے، کراچی میں شوال کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کی عمارت میں جاری ہے، اجلاس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کر رہے ہیں۔

اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان، ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات سے دیگر افسران  شریک ہیں

پشاور زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں جاری ہے، اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان شریک ہیں۔

زونل کمیٹی اجلاس میں رویت ہلال سے متعلق شہادتیں موصول کی جائینگی، اجلاس میں شیخ الحدیث مولانا احسان الحق، محمد طیب قریشی، مفتی عتیق اللہ ،مولانا عبد البصیر مدنی، مولانا محمد علی شاہ، علامہ عابد حسین شاکری شریک ہیں، میٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر محسن حبیب بھی شریک ہیں۔

اس حوالے سے سپارکو کی ایک اور پیشگوئی سامنے آئی ہے۔ ڈویژنل ہیڈ آسٹروفزکس سپارکو غلام مصطفیٰ لغاری نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نیا چاند جمعرات 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو چکی ہے۔

سپارکو ڈویژنل ہیڈ نے بتایا کہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی جب کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب مہتاب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔

اس کے علاوہ ذرائع محکمہ موسمیات  نے کہا کہ 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے درکار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں، نیا چاند آج صبح 6 بجکر 23 منٹ پرپیدا ہوگیا ہے، آج چاند کی عمر 12 سے 13 گھنٹے ہوگی، 12 سے 13 گھنٹے چاند کی عمر رویت کے لئے ناکافی ہے، رویت کےلیے چاند کی عمر 18 سے 20 گھنٹے ہونا ضروری ہوتا ہے۔

ذرائع محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کراچی میں 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ ہوگا جبکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ درکار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئئے کہا کہ عید الفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے، شوال کا چاند 20 مارچ کی شام نظر آنے کی توقع ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیش گوئی کی تھی کہ عید الفطر 21 مارچ (ہفتہ) کو ہونے کی توقع ہے کیونکہ 19 مارچ (جمعہ) کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ اس سال رمضان 30 دن تک جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ شوال کا چاند 19 مارچ کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں عید جمعہ کو منائی جائے گی تاہم افغانستان میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *