پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں عیدالفطر مذہبی جوش و جزبے سے منائی جارہی ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسلمان عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔ مساجد سے بلند ہوتی تکبیرات، گلے ملتے لوگ اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے مناظر ہر طرف عید کی خوشیاں بکھیر رہے ہیں، تاہم اس خوشی کے موقع پر بھی کچھ خطے ایسے ہیں جہاں خوف اور پابندیوں کے سائے نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش، بھارت، انڈونیشیا، ملائیشیا اور ایران سمیت کئی ممالک میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ ان اجتماعات میں امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ایران میں موجودہ کشیدہ صورتحال اور جنگی حالات کے باوجود عیدالفطر پورے مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ دارالحکومت تہران میں مصلّٰی امام خمینی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایرانی قیادت نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں، جبکہ عوام نے بھی مشکلات کے باوجود عید کی خوشیوں کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ دنیا کے سب سے بڑے مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی عیدالفطر بھرپور انداز میں منائی گئی۔ جکارتہ سمیت مختلف شہروں میں کروڑوں مسلمانوں نے ایک ساتھ نماز عید ادا کی۔ سڑکوں پر عید کے رنگ نمایاں رہے، جہاں لوگ روایتی لباس میں ملبوس ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹتے نظر آئے۔ ان ممالک میں عید کا تہوار امن، محبت اور یکجہتی کی خوبصورت مثال بن کر سامنے آیا۔

