پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نوجوان شخصیت غلام مصطفی دیوان کے کزن دیوان بلال خالد کی جامع مسجد بیت الکرم میں رسم قل کی روحانی محفل

ہم سب پیسے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں مگر آخر میں ہمارے آگے ایک کھائی ہے جسے ہم قبر کہتے ہیں،ہمیں اس کھائی میں گرنے سے پہلے چاہئے کہ اللہ کی راہ میں زیادہ سے زیادہ خرچ کریں،کسی کا بھلا کریں،کسی کیلئے اچھا سوچیں اللہ یہاں بھی اس کا صلہ دے گا اور آخرت میں بھی دے گا،غلام مصطفی دیوان

دیوان بلال خالد انتہائی ملنسار اور فرشتہ صفت انسان تھے، بلال خالد دیوان محترم غلام مصطفی دیوان کے بیٹوں کی طرح تھے،خدائے بزرگ وبرتر سے دعا گو ہیں کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، اس دکھ بھرے لمحات میں ہم ان کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں،شاہد رضا رانجھا

میں دیوان فیملی کو پچھلے پچاس سالوں سے جانتا ہوں یہ فیملی انتہائی نیک سیرت،ملنسار اور لوگوں کے کام آنیوالی فیملی ہے،میں دعا گو ہوں اللہ پاک ایسی اولاد سب کو عطا کرے،اللہ پاک مرحوم دیوان بلال کے درجات بلند کرے،جامع مسجد بیت الکرم کے روح رواں پیر طریقت رہبر شریعت پیر سید میر حسین شاہ

بروکلین،نیویارک (منطور حسین سے)

عظمت اسلام کی نشانی جامع مسجد بیت الکرم میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نوجوان مذہبی اور سیاسی شخصیت اور غلام مصطفی دیوان کے کزن دیوان بلال خالد مرحوم کے روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قرآن کی عظیم الشان محفل پاک،رسم قل کی اس روحانی محفل میں مقامی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی-

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اس موقع پر غلام مصطفی دیوان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر موجود افراد میں کافی لوگ ایسے ہیں جو عرصہ 50سالوں سے یہاں مقیم ہیں جن کے پیارے بیٹی،بیٹا یا بزرگ اس جہان فانی سے اللہ کو پیارے ہو گئے-آج میرے عزیز دیوان بلال خالد کی موت نے ایک سبق ایسا سکھایا جو میں آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں -ہماری بہت سی تنظیمیں ہیں اور ہم ہر جمعہ کو مساجد میں ایک پیغام سنتے ہیں کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرو،اچھے عمل کرو،لوگوں کی مدد کرو اور میں نے ان دنوں یہ دیکھا کہ آپ جو نیکی کرتے ہو اس کا پھل آپ کو یہاں بھی ملتا ہے اور آخرت میں بھی ملتا ہے-

غلام مصطفی دیوان کا کہنا تھا کہ میرا بھائی میرا عزیز بلال بہت اچھا انسان تھا اس کے ساتھ بہت رفاقت تھی -مرحوم بلال خالد کی کی ہوئی نیکی کا صلہ میں نے اس دن دیکھا جب ہم اسے دفنا رہے تھے -ہم سب پیسے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں مگر آخر میں کیا ہے،آخر میں ہمارے آگے ایک کھائی ہے جسے ہم قبر کہتے ہیں اور جب ہم اس میں گرتے ہیں تو تب احساس ہوتا ہے کہ ہم کہاں گر گئے -اس سے پہلے کہ اس کھائی میں گریں تو ہمیں چاہئے کہ ہمیں اللہ کی راہ میں زیادہ سے زیادہ خرچ کرنا چاہئے -کسی کا بھلا کرنا چاہئے،کسی بچے یا بچی کیلئے اچھا سوچئے،کسی یتیم کیلئے اچھا سوچئے،اللہ پاک یہاں بھی آپ کو اس کا صلہ دے گا اور آخرت میں بھی دے گا-

ہماری دعا ہے کہ اللہ میرے بھائی کی آخرت کی منزلیں آسان فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی وارفع مقام عطاء فرمائے-ممتاز پاکستانی امریکن اور کمیونٹی کے معروف جرنلسٹ شاہد رضا رانجھا نے کہا کہ دیوان بلال خالد ایک انتہائی ملنسار اور فرشتہ صفت انسان تھے-یوں تو ان کا تعلق غلام مصطفی دیوان فیملی سے بہت پرانا ہے لیکن بلال خالد دیوان محترم غلام مصطفی دیوان کے بیٹوں کی طرح تھے –

خدائے بزرگ وبرتر سے دعا گو ہیں کہ اللہ مرحوم کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اس دکھ بھرے لمحات میں ہم ان کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں -جامع مسجد بیت الکرم کے روح رواں پیر طریقت رہبر شریعت پیر سید میر حسین شاہ نے کہا کہ وہ دیوان فیملی کو پچھلے پچاس سالوں سے جانتے ہیں یہ فیملی انتہائی نیک سیرت،ملنسار اور لوگوں کے کام آنے والی فیملی ہے -میں دعا گو ہوں اللہ ایسی اولاد سب کو عطا کرے-اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی-

مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر واستقامت کیلئے بھی دعا کی گئی جبکہ مرحوم بلال خالد دیوان کی نیک سیرت اور حسن اخلاق کو خراج عقیدت پیش کیاگیا-یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مرحوم دیوان بلال خالد کیلئے بہت سے قرآن مجید بھی پڑھے گئے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کے ساتھ امت مسلمہ کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگیں گئیں – اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں زندگی کی ناپائیداری اور آخرت کی تیاری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *