ولی عہد کی دعوت، وزیراعظم اہم ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے
شہباز شریف صرف محمد بن سلمان سے ملنے گئے ہیں اور ملاقات کرکے وطن واپس روانہ ہوجائیں گے
وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبد العزیز، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوگی اور ملاقات کے بعد وزیراعظم واپس روانہ ہوجائیں گے۔ اس دورہ سے پاکستان کا سفارتی میدان میں مثبت کردار واضح ہو رہا ہے اور پاکستان یہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

