اوپن یونیورسٹی میں امن و پائیدار ترقی پر راؤنڈ ٹیبل ڈائیلاگ
اسلام آباد: (صفدر حسین سے)
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ سیرت چیئر کے زیر اہتمام ”عالمی تناظر میں امن و پائیدار ترقی“ پر راؤنڈ ٹیبل ڈائیلاگ منعقد ہوا جس میں مہمانِ خصوصی معرف مذہبی سکالر پروفیسر ڈاکٹر مشرف حسین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے عدل و انصاف، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کے حل ناگزیر ہیں۔ سیرتِ نبویؐ خصوصاً صلح حدیبیہ اور فتح مکہ کو امن، رواداری اور انصاف کی روشن مثالیں قرار دیا گیا۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پائیدار ترقی صرف معاشی ترقی تک محدود نہیں بلکہ اس میں سماجی انصاف، ماحولیاتی تحفظ اور باہمی احترام کو بھی شامل کرنا ہوگا۔ کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کہا کہ قرآنِ پاک کی پہلی ہی آیت ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ حقیقی امن اور سکون ربِّ رحیم کی معرفت اور اس کی رحمت کے سایے میں ہے۔ جب ہم الحمد للہ رب العالمین پڑھتے ہیں تو یہ دراصل اعلان ہوتا ہے کہ ہمارا رب صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ تمام جہانوں کا رب ہے۔ یہی سوچ انسان کے دل میں وسعت، برداشت اور امن قائم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا” اپنے آپ کو اللہ کے اخلاق سے مزین کرو”۔ جب بندہ اپنے آپ کو اللہ کے اخلاق جیسے حلم، عدل، رحمت اور معافی سے آراستہ کرتا ہے تو معاشرے میں نفرت کی بجائے محبت اور انتشار کی بجائے سکون جنم لیتا ہے۔مقررین نے سیرت چیئر کے چیئرمین، ڈاکٹر شمس الرحمٰن کو کامیاب مکالمے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ایک مؤثر اور ہمہ جہت علمی نشست کا اہتمام کیا بلکہ ایسے موضوع کا انتخاب بھی کیا جو عصرِ حاضر کے فکری و عملی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور جس پر مکالمے کی اشد ضرورت تھی۔









