سینیٹر جیسیکا راموس 13 مارچ کو ایسٹ ایلمہرسٹ میں “اسٹیٹ آف دی ڈسٹرکٹ” ٹاؤن ہال منعقد کریں گی
عوام کو مسائل پیش کرنے اور حکومتی کارکردگی سے آگاہی کا موقع فراہم کیا جائے گا
(نیویارک سے )منظور حسین
ریاست نیویارک کی سینیٹر جیسیکا راموس جمعہ 13 مارچ 2026 کو ایسٹ ایلمہرسٹ میں “اسٹیٹ آف دی ڈسٹرکٹ” ٹاؤن ہال اجلاس کی میزبانی کریں گی جہاں مقامی رہائشیوں کو اپنے مسائل براہِ راست پیش کرنے اور ڈسٹرکٹ 13 کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کا موقع ملے گا۔ ٹاؤن ہال اجلاس میں مہنگائی اور زندگی گزارنے کے بڑھتے اخراجات، رہائش کے مسائل، عوامی تحفظ، امیگریشن، مجوزہ کیسینو منصوبے سے متعلق خدشات اور دیگر بنیادی شہری خدمات جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ اس موقع پر سینیٹر راموس البانی میں ڈسٹرکٹ 13 کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی کارکردگی اور حالیہ پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کریں گی۔ سینیٹر راموس کا کہنا ہے کہ “ڈسٹرکٹ 13 ہمارے پڑوسیوں کا ضلع ہے۔ ایسے وقت میں جب بہت سے خاندان معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، ضروری ہے کہ ہم اکٹھے بیٹھ کر مسائل پر بات کریں۔ میں اپنے کام کی رپورٹ پیش کروں گی اور ان لوگوں کی بات سنوں گی جن کی میں نمائندگی کرتی ہوں۔” یہ عوامی اجلاس شام 6 بجے سے 8:30 بجے تک Lexington School for the Deaf میں منعقد ہوگا جو اسٹریٹ، ایسٹ ایلمہرسٹ، نیویارک میں واقع ہے۔ اس پروگرام میں میڈیا نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جہاں سوال و جواب اور انٹرویو کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق کمیونٹی کے افراد کی بھرپور شرکت سے مقامی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے اور حل کرنے میں مدد ملے گی۔




