رمضان کی نورانی آمد: لٹل پاکستان کونی آئی لینڈ ایونیو ایمان افروز روشنیوں اور قمقموں سے جگمگا اٹھا


بروکلین، نیویارک (منظور حسین سے)
ماہِ صیام کی بابرکت آمد پر لٹل پاکستان کونی آئی لینڈ ایونیو  ایمان افروز مناظر پیش کرنے لگا، جہاں گلیاں، عمارتیں اور مساجد رنگا رنگ قمقموں اور “رمضان مبارک” کی درخشاں تحریروں سے جگمگا اٹھیں۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے نور کی ایک لہر پورے علاقے کو اپنے حصار میں لیے ہوئے ہو۔ اس روح پرور اہتمام میں معروف سماجی تنظیم   کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن (کوپو)   نے مرکزی کردار ادا کیا۔ کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع تاریخی مکی مسجد ، کوپو کے دفتر اور اطراف کی عمارتوں کو خصوصی برقی آرائش سے مزین کیا گیا، جس نے ماحول کو روحانیت اور اخوت کے رنگ میں رنگ دیا۔ مقامی افراد، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد اس بابرکت لمحے کی گواہ بنی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی پرسوز آواز نے حاضرین کے دلوں کو گرما دیا۔ بعد ازاں نیویارک سٹی کونسل کے ارکان، کمیونٹی قائدین اور دیگر معزز شخصیات نے کوپو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرمحمد رضوی کے ہمراہ چراغاں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ  کے افسران کی شرکت بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی روشن مثال بنی۔ اپنے خطاب میں محمد رضوی نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، شکر اور اخوت کا مہینہ ہے، اور اس بابرکت مہینے میں اس طرح کی اجتماعی سرگرمیاں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری کمیونٹی کو قریب لانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے شہر کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران مساجد اور اسلامی مراکز کے اطراف مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ نمازیوں کو عبادات میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ رمضان کی یہ نورانی سجاوٹ اس بات کا پیغام دے رہی ہے کہ دیارِ غیر میں بسنے والی مسلم کمیونٹی اپنی دینی و ثقافتی روایات سے جڑی ہوئی ہے اور اپنے عمل سے محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دے رہی ہے۔ واقعی، یہ منظر اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ جب ایمان کی روشنی دلوں میں اترتی ہے تو شہر بھی نور سے بھر جاتے ہیں۔


CEO Mohammad Razvi Council of Peoples Organization copo.org

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *