خواتین کے لیے سنہری موقع:نیو لائف ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے بروکلین میں مفت بیوٹی سیلون ٹریننگ پروگرام کا آغاز
بروکلین، نیویارک (خصوصی رپورٹ) خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مالی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے بروکلین میں نیو لائف ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے ایک منفرد اور اہم اقدام کے تحت مفت ویمن ایمپاورنگ پروگرام کے تحت بیوٹی سیلون اسکلز ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو عملی مہارتیں فراہم کر کے انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے۔ اس تربیتی پروگرام میں خواتین کو جدید بیوٹی سیلون سے متعلق پیشہ ورانہ ہنر سکھائے جائیں گے، جن میں ہیئر کٹنگ و اسٹائلنگ، میک اپ آرٹسٹری، اسکن کیئر اور فیشلز شامل ہیں۔ نیو لائف ہیومن رائٹس کونسل کی محترمہ راحیلہ اسلم، ڈاکٹر سلمیٰ اور روبینہ صفدر کا کہنا تھا کہ یہ ایک جامع تربیتی کورس ہے جسے مکمل کرنے والی خواتین کو باقاعدہ سرٹیفیکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا، جو ان کے پیشہ ورانہ مستقبل میں مددگار ثابت ہوگا۔ پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شرکت کے لیے کسی سابقہ تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی، بلکہ یہ موقع تمام محنتی اور سیکھنے کی خواہش رکھنے والی خواتین کے لیے کھلا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے خواتین کو نہ صرف ہنر مند بنایا جائے گا بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا حوصلہ بھی دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر محدود نشستیں رکھی گئی ہیں جن میں سے 20 میں سے 15 نشستیں ابھی دستیاب ہیں، لہٰذا خواہشمند خواتین کو جلد از جلد رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ پروگرام بروکلین کے علاقے 1117 کونی آئی لینڈ ایونیو میں منعقد ہوگا، جبکہ مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے 917-929-6277 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ سماجی حلقوں نے اس اقدام کو خواتین کی ترقی اور خودمختاری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے پروگرامز معاشرے میں معاشی استحکام اور خود انحصاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔


