ترکیہ–پاکستان دوستی ہفتہ” دو دلوں، دو قوموں اور دو تہذیبوں کے اٹوٹ رشتے کا جشن ہے”۔فرح ناز اکبر’پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر

پاکستان۔ترکیہء دو قومیں دو جسم ضرور ہیں مگر ان کی روح ایک ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر

اسلام آباد ( صفدر حسین سے)

”ترکیہ–پاکستان دوستی ہفتہ” دو دلوں، دو قوموں اور دو تہذیبوں کے اٹوٹ رشتے کا جشن ہے،دونوں ممالک کے مابین تعلق محبت، اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہے جو ہر دور کے امتحان پر پورا اترا ہے۔

اِن خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ ”پاک–ترکیہ دوستی” کے عنوان سے انٹرنیشنل کانفرنس کی افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔فرخ ناز اکبر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے یہ تعلقات خون، ایمان اور محبت کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں جنہیں کوئی فاصلہ، کوئی زمانہ کمزور نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات صرف سفارتی یا سیاسی سطح تک محدود نہیں، یہ رشتہ دلوں کا رشتہ ہے۔پارلیمانی سیکرٹری، فرخ خان ناز نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ہفتے کا اعلان کیا۔پاک۔ ترکیہ دوستی تقریبات کا اہتمام یونیورسٹی کے انٹرنیشنل آفس نے ترکیہ کے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے کیاوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی نمائندگی کرتے ہوئے فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا ماضی ایک ہے، حال ایک ہے اور مستقبل بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک ایسے مقدس سنگم کی صورت اختیار کر چکے ہیں جس کا نام محبت ہے۔ ڈاکٹر ساحر نے مزید کہا کہ یہ دو قومیں دو جسم ضرور ہیں مگر ان کی روح ایک ہے اور ان کے دل ایک ہی دھڑکن سے ہم آہنگ ہیں۔ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے مزید کہا کہ جب پاکستانی ترکیہ جاتے ہیں تو انہیں اجنبیت کا احساس نہیں ہوتا اور ترکیہ کے عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ آج دونوں ممالک تعلیم، تجارت، توانائی، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیمی و ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور آن لائن پروگرامز پر بھرپور کام کر رہی ہے۔

نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے پاک–ترکیہ دوستی کے تاریخی و فکری پہلوؤں پر جامع گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر فاروق عادل نے ”دوست فورم” کا باقاعدہ افتتاح کیا۔یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو عظیم برادر اقوام ہیں جن کی دوستی صدیوں پر محیط ایک روشن داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان دو قالب ایک جان ہیں، اور دعا کی کہ یہ لازوال دوستی تا قیامت اسی طرح قائم و دائم رہے۔

انٹرنیشنل آفس کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے پاک–ترکیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور تحقیقی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ترکی زبان و ثقافت کے فروغ اور دونوں قوموں کے درمیان عوامی و علمی روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔


Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация