بروکلین میں ہٹ اینڈ رن واقعہ: پاکستانی امریکن رہنما کا بیٹا زخمی، ڈرائیور فرار
بروکلین نیو یارک: بروکلین کے علاقے اوشن پارک وے پر پیش آنے والے ایک ہٹ اینڈ رن حادثے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنما اجمل چوہدری کے بیٹے فرحان اجمل شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ سڑک عبور کر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں حادثے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں فرحان اجمل کے سر، کمر اور ٹانگ پر شدید چوٹیں آئیں۔ واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت پہنچ کر زخمی کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اجمل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے خاندان کے لیے ایک بڑی آزمائش ہے اور وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے بیٹے کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق اگرچہ فرحان اجمل کو شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، وہ ہوش میں ہیں اور گھر والوں سے بات چیت بھی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مکمل علاج کے لیے انہیں ایک یا ایک سے زائد سرجریز سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی اور خاندان کے قریبی افراد نے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔

