بروکلین، نیویارک (منظور حسین سے )
انجمن غوثیہ بروکلین کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کا 40 واں سالانہ مرکزی جلوس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ 7 ستمبر 2025 بروز اتوار کو نکالا جائے گا۔ جلوس کا آغاز کونی آئی لینڈ ایونیو سے صبح 10 بجے ہو گا۔ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ زیر سرپرستی حضرت پیر سید صفدر حسین شاہ بانی و چیئرمین انجمن غوثیہ انٹرنیشنل و زیب سجادہ حضور بابا عالم شاہ سرکار والئی پیراں شریف کے انتہائی عقیدت سے منایا جائیگا ان کے علاوہ امریکہ بھر سے علمائے دین اور نعت خواں بھی اس عظیم الشان جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس میں شرکت کریں گے – انجمن غوثیہ کے منتظمین نے تمام عاشقانِ رسول ﷺ سے ادب و احترام کے ساتھ، باوضو ہو کر، درود و سلام پڑھتے ہوئے شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روحانی فیوض و برکات حاصل کیے جا سکیں۔ جلوس کے موقع پر محفلِ نعت، درود و سلام اور دیگر روحانی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس جلوس کو نیویارک کے مسلمانوں کی طرف سے عشقِ رسول ﷺ کے اظہار کا عظیم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
