امریکا ایران میں زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے: امریکی اخبار
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا ایران میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی ممکنہ زمینی فوجی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے۔
امریکی اخبار میں گزشتہ روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ، جس میں امریکی حکام کا حوالہ دیا گیا ہے، کے مطابق امریکی محکمہ دفاع ایران میں زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے جن میں جزیرہ خارگ اور آبنائے ہرمز کے قریب ساحلی مقامات پر ممکنہ چھاپے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں اسپیشل آپریشنز فورسز اور فوج کے دستوں کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں شامل ہو سکتی ہیں۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال کسی تعیناتی کی منظوری نہیں دی ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے جمعہ کو اصرار کیا کہ امریکا زمینی دستوں کے بغیر اپنے تمام مقاصد حاصل کر سکتا ہے لیکن امریکی اخبار کے مطابق منصوبہ بندی جاری ہے۔ ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ آخری لمحات کی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ادھر ٹرمپ انتظامیہ نے ایران میں جاری جنگ کے پانچویں ہفتے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں امریکی میرینز تعینات کر دیے ہیں، جبکہ امریکی افواج کی 82ویں ایئر بورن ڈویژن سے ہزاروں اہلکاروں کو بھی خطے میں بھیجنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

