اسلام آباد؛ امام بارگاہ میں خودکش دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہوگئی، 169 زخمی

اسلام آباد: ترلائی کے علاقے میں واقع امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے جاں بحق افراد کی تعداد 33 اور 169 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 33 افراد جاں کی بازی ہار گئے جبکہ اسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169 ہوگئی۔ خودکش دھماکے کے باعث امام بارگاہ سے ملحقہ گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک، پمز اور سی ڈی اے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے۔ رینجرز اور پاک فوج کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مین ایمرجنسی، آرتھو پیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ فعال ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق دھماکے میں زخمی 23 افراد کو پمز اور 13 کو پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو مختلف اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج و معالجے کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *