اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ”اکنا “ریلیف کا سالانہ بینکویٹ،فنڈ ریز ڈنر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھر پورشرکت

اکنا ریلیف بلا امتیاز مذہب و نسل انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اوراپنے اس مشن کوجاری رکھے گا،عبدالرؤف

تمام کمیونٹی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ہر فرد دوسرے انسان کیلئے مواقع کے دروازے کھول سکتا ہے، شمیرصادق

میئرایڈوائزری کمیٹی کے آن جوڈیشری کے چیئرعلی نجمی نے کمیونٹی کی مضبوطی باہمی تعاون اور سماجی شراکت داری پر گفتگو کی

بروکلین نیویارک (منظور حسین سے)

امریکی فلاحی ادارے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ”اکنا “ریلیف کی جانب سیامریکی تاریخ کی سخت ترین سردی میں سالانہ بینکویٹ اورفنڈ ریزڈنر کی تقریب کا شاندارانعقاد کیا گیا -اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ “اکنا ” ریلیف کے زیرِ اہتمام نیویارک کی سالانہ فنڈ ریز ڈنر کی یہ خوبصورت تقریب ہفتہ 7 فروری 2026 کو لانگ آئی لینڈ میریئٹ، یونیئن ڈیل میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد انسانیت کی خدمت، فلاحی سرگرمیوں کے فروغ اور ضرورت مند افراد کے لیے مواقع پیدا کرنے کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کا مرکزی عنوان“مواقع کا دروازہ بنیں ”رکھا گیا تھا، جس کے تحت شرکائکو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اوراکنا ریلیف کی انسان دوست خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ممتاز پاکستانی امریکن شخصیات نے خطاب کیا جن میں معروف پروفیسر خالد بیڈون، شمیخ سہادت اورعلی نجمی جو میئرایڈوائزری کمیٹی برائے عدلیہ کے چیئرہیں۔ مقررین نے سماجی انصاف، انسانی ہمدردی اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ فنڈ ریزنگ کی اس تقریب میں تقریبا چھ لاکھ امریکی ڈالر جمع کرلیے گئے -تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے فلاحی سرگرمیوں کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا-

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا -اس موقع پر اکنا ریلیف کے انچارج اسحاق اکبر نے اکناریلیف کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ اکنا ریلیف کے سی ای او عبدالرؤف نے ادارہ کے فلاحی مشن انسانی خدمت کے منصوبوں اور ضرورتمند خاندانوں کی مدد کے حوالے سے اکنا ریلیف کی سرگرمیوں بارے تفصیل سے بتایا-موٹیویشنل سپیکر شمیرصادق نے کہا کہ میں تمام کمیونٹی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد دوسرے انسان کیلئے مواقع کے دروازے کھول سکتا ہے بس نیت اور عمل کی ضرورت ہے-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر ایڈوائزری کمیٹی کے آن جوڈیشری کے چیئرعلی نجمی نے کمیونٹی کی مضبوطی باہمی تعاون اور سماجی شراکت داری پر گفتگو کی اوراسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ “اکنا” کی خدمات کو سراہا-فنڈ ریز کی اس تقریب میں مقررین نے اس بات پر زوردیا کہ اکنا ریلیف نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں مصیبت زدہ افراد کیلئے امید کی کرن بن چکا ہے- تقریب کے اختتام پر اکنا ریلیف کے نارتھ ایسٹ ریجن کے ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال نے تمام شرکاء سپانسر اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا- تقریب کے دوران اکنا ریلیف کی جانب سے مختلف فلاحی منصوبوں، امدادی سرگرمیوں اور مستقبل کے اہداف سے بھی آگاہ کیا گیا۔ منتظمین نے اس بات پر زور دیا کہ اکنا ریلیف بلا امتیاز مذہب و نسل انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل رہی ہے۔ تقریب میں اسمبلی ممبرز کی جانب سے تعریفی اسناد بھی دی گئیں -تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا بھی کرائی گئی

تقریب میں شرکاء کی سہولت کے لیے بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام بھی کیا گیا تھا، جبکہ ٹکٹ اور ٹیبل اسپانسرشپ کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھے کیے گئے۔ آخر میں منتظمین نے تمام شرکاء، رضاکاروں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد،سماجی کارکنان اور کمیونٹی لیڈرشریک ہوئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اکنا ریلیف آئندہ بھی انسانی خدمت کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *