اسرائیلی شہروں دیمونا اور عراد میں ایرانی میزائلوں نے تباہی مچادی

پاسداران انقلاب نے ایک اسرائیلی لڑاکا طیارہ گرانے کا بھی دعویٰ کیا جس کی اسرائیل نے تصدیق نہیں کی

ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ 23 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے جبکہ خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو 48 گھنٹوں میں مکمل طور پر نہ کھولا گیا تو امریکا ایران کے پاور پلانٹس کو تباہ کر دے گا۔ دوسری جانب اسرائیل نے تہران کے مختلف علاقوں پر تازہ حملے کیے، جن میں شہر کے مشرقی حصے میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے ردعمل میں اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر میزائل حملے جاری رکھے۔ اسرائیلی شہروں دیمونا اور عراد میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔ ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا تو وہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور اسرائیل سے منسلک تمام توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تہران کی فضاؤں میں ایک امریکی اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا، جبکہ پاسداران انقلاب نے ایک اسرائیلی لڑاکا طیارہ گرانے کا بھی دعویٰ کیا، جس کی اسرائیل نے تصدیق نہیں کی۔ ایران کے جوہری ادارے کے مطابق نطنز میں جوہری تنصیبات کو امریکا اور اسرائیل نے نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی تابکاری خارج ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *