ٹوکیو: اقوام متحدہ کی ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بنیادی ڈھانچے پر روسی حملوں کی وجہ سے یوکرین میں 17 لاکھ بچے محفوظ اور صاف پانی تک رسائی سے محروم ہیں۔ یونیسیف کی ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ اور وسطی ایشیا محترمہ ریجینا ڈے ڈومینیچِس نے جمعرات کو ٹوکیو میں صحافیوں سے بات سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں روسی فضائی حملوں سے پانی کے ذرائع آلودہ ہو چکے ہیں اور پانی کے 1,000 کلومیٹر نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے یا اسے تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف کو خدشہ ہے کہ صاف پانی کی کمی امراض میں اضافے کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم بین الاقوامی مدد سے یوکرین میں پانی کی پائپ لائنیں بچھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ یونیسیف، بچوں پر مشتمل تقریباً 21,000 گھرانوں کو موسم سرما کے لیے تیاری میں مدد دینے کے ایک منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ پروگرام کی توجہ محاذ جنگ کے قریب رہنے والے خاندانوں پر مرکوز ہے جس کے تحت انہیں نقد رقم، گرم کپڑے، کمبل اور دیگر ساز و سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔