یونیورسٹی کا مجموعی ماحول، یہاں کی مینجمنٹ، نظم و ضبط اور طلبہ کی سہولتیں ہماری توقعات سے زیادہ اور لاجواب تھیں۔مہمان طلبہ
اسلام آباد : ( صفدر حسین سے)
گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ(جی ٹی ٹی آئی)، راولپنڈی کے فیکلٹی ممبران اورکمپیوٹر سائنس کی 70 طالبات نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک روزہ مطالعاتی دورہ کیا۔پہلے مرحلے میں طلبہ کو ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز کا دورہ کرایا گیا جہاں پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے طلبہ کو یونیورسٹی کی پروفائل، ملک گیرتعلیمی نیٹ ورک،طلبہ کی سہولتوں اور سمسٹر بہار 2025ء کے جاری داخلوں پر تفصیلی بریفننگ دی۔

بعد ازاں طلبہ کو یونیورسٹی کی پرنٹنگ پریس کا دورہ کرایا گیا جہاں پر انہیں پرنٹنگ پریس میں موجود مشینیں دکھائی گئیں اور انہیں ڈیزائننگ، پیسٹنگ، پلیٹنگ و پرنٹنگ کے تمام مراحل سے آگاہ کیا گیا۔طلبہ کو ڈیٹا سینٹر، کال سینٹر، فیسی لیٹیشن سینٹر،سینٹرل لائبریری اور ریڈیو /ٹی وی سٹوڈیوز کا دورہ بھی کرایا گیا۔ کمپیوٹر سائنس کے چئیرمین، ڈاکٹر آفتاب خان نے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج زندگی میں کمپیوٹر اور آرٹیفیشیل ٹیکنالوجی کو ایک لازمی حیثیت حاصل ہے۔ڈاکٹر آفتاب نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تعلیم کے حصول میں درست سمت کا انتخاب کیا ہے جس میں آگے بڑھنے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔طالبات سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر آفتاب نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کمپیوٹر سائنس میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی آن لائن تعلیم فراہم کررہی ہے۔جی ٹی ٹی آئی کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے یونیورسٹی کے دورے پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا مجموعی ماحول، یہاں کی مینجمنٹ، نظم و ضبط اور طلبہ کی سہولتیں ہماری توقعات سے زیادہ اور لاجواب تھیں۔

یاد رہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود طلبہ کے تبادلہ پروگرام اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کے دوروں کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ یونیورسٹی آنے والے دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کا شاندار استقبال کیا جائے اور انہیں یونیورسٹی کی سماجی و تعلیمی خدمات سمیت طلبہ کے لئے دستیاب سہولتوں سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ یونیورسٹی کی اصل تصویر ساتھ لے کر جائیں اور معاشرے میں ہماری سفارتکاری کریں۔
