نیویارک (دنیاانٹرنیشنل):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نیویارک کے چیف کوآرڈینیٹر امجد نواز نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب کے موقع پر اوورسیز پاکستانی ،نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بھر پور احتجاج کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ پی ٹی آئی اوورسیز اور یو ایس اے کی تمام قیادت کی16 ستمبر کوہونے والی زوم میٹنگ میں کیاگیا جس میں سیکرٹری او آئی سی سجاد برکی، ڈپٹی سیکرٹری جانی بشیر ،چیف کوآرڈینیٹر کھٹانہ، امجد نواز ،نوید وڑائچ ، ضیاءالرحمان ، وقار خان ،راجہ یعقوب ،ظفر چیمہ ،ثمینہ حیدر، انیلہ نقوی ،ذیشان خالد ، اکرم اعوان ،راجہ اشتیاق اور دیگر عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات تفصیل سے زیر بحث آئے اور یہ فیصلہ کیاگیا کہ پاکستان میں ہونے والے ہر ظلم اور تشدد کیخلاف بھر پور احتجاج کر کے اقوام عالم کو پاکستان میں مسلط غیرقانونی اور نام نہاد جمہوریت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور عمران خان کی رہائی اور مینڈیٹ کی بحالی تک اپنی جدوجہ جاری رکھیں گے۔