پاکستان کا فخر: اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر اقبال احمد دنیا کے صفِ اول سائنسدانوں میں شمار

ڈاکٹر اقبال احمد کا انتخاب یونیورسٹی کے وقار میں اضافہ ہے، وائس چانسلر

اسلام آباد:(صفدر حسین سے)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کے ممتاز سائنسدان اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اقبال احمد نے پاکستان کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن کر دیا ہے۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے صفِ اول کے سائنسدانوں کی ”ٹاپ 2 فیصد“ فہرست 2025 میں ان کا نام شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست دنیا کی سب سے مستند اور معتبر درجہ بندی سمجھی جاتی ہے جس میں صرف اُن سائنسدانوں کو جگہ دی جاتی ہے جن کی تحقیق بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ حوالہ جات اور اثرات رکھتی ہے۔ڈاکٹر اقبال احمد کی تحقیقی خدمات بالخصوص توانائی کے جدید اور پائیدار ذرائع کے میدان میں نمایاں ہیں۔ وہ ایسے جدید توانائیاتی مواد کی تیاری اور جانچ پر کام کر رہے ہیں جو مستقبل میں توانائی کے ذخیرہ اور تبدیلی کی ٹیکنالوجیز میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی یہ کوشش نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پائیدار توانائی کے نئے افق روشن کر رہی ہے۔اپنے تاثرات میں ڈاکٹر اقبال احمد نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق یہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں عالمی معیار کی تحقیق ممکن ہے اور یہاں کے محققین کسی بھی عالمی فورم پر اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ڈاکٹر اقبال احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے صفِ اول سائنسدانوں کی فہرست میں ان کا شامل ہونا یونیورسٹی کے لیے ایک سنگِ میل ہے۔ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور اعلیٰ معیارِ تحقیق کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان کی سائنسی تحقیق بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا رہی ہے جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تحقیق اور اختراع کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اور ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھی ڈاکٹر اقبال احمد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بلکہ پورے ملک کے لیے اعزاز اور افتخار کی علامت ہے۔
Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация