جب جب بھی امریکہ اور پاکستان کو مل کر کام کرنے کا موقع ملا دنیا کو اس سے فائدہ ہوا ہے،پاکستانی سفیر کا تقریب سے خطاب
پاکستانیوں کو امریکی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، وہ باہر نکل کر آنے والے انتخابات میں ووٹ ڈالیں،ساجد تارڑ
تقریب میں پروفیسر اکبر ایس احمد،خرم شہزاد،یوسف چوہدری،ثاقب الاسلام،سینیٹر اکبر خواجہ،ولید ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا
میکلین،ورجینیا (زاہد حسین سے)
جب جب بھی پاکستان اور امریکہ نے مل کر کام کیا ہے اس سے دنیا کے امن اور سلامتی کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے-ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے نو متعین سفیر رضوان سعید شیخ نے یہاں پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن (پاپا)کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک کمیونٹی ڈنر کے موقع پر کیا
تقریب سے کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا- سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات روز اول سے استوار ہوئے تھے جبکہ پاکستان کے قیام کے پہلے روز امریکی صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کو ایک مراسلے کے ذریعے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا-انہوں نے کہا کہ جب جب پاکستان اور امریکہ نے ساتھ مل کر کام کیا اس سے عالمی امن اور سلامتی کو فائدہ ہوا ہے وہ کمیونزم کے خلاف جدوجہد تھی یا عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان اور امریکہ نے عالمی امن کیلئے بے پناہ خدمات سرانجام دی ہیں – ہم نے نتائج پیدا کئے ہیں اور عملی کارکردگی دکھائی ہے-پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی دوستی مختلف انواع کے چیلنجز سے گزری ہے اور مضبوط ہے- انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مستقبل میں اور بھی ترقی کریں گے جن سے دونوں ممالک کے عوام مستفیید ہوں گے-انہوں نے کہا کہ وہ امریکی انتخابات سے آگے دیکھ رہے ہیں اور آنے والی امریکی انتظامیہ کے ساتھ بہترین ماحول میں کام کرنے کیلئے تیار ہیں -سفیر رضوان شیخ جو کہ زمانہطالب علمی میں فرائیڈے ٹائمز کے ساتھ بھی منسلک رہے اور ایک براڈ کاسٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں نے کہا کہ وہ امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کردار کو بہت اہم سمجھتے ہیں -انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کو چاہئے کہ پاکستان کی مدد کرے اور پاکستان کی ترقی میں شانہ بشانہ ساتھ چلیں -انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ بھی امریکہ میں بیٹھے ہیں اگر پاکستان نہ ہوتا تو ہم یہاں نہ بیٹھے ہوتے،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں -انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو چاہئے کہ اپنی آنے والی نسل کو آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی)اور آئی ٹی کی تعلیم دلوائے تاکہ امریکہ کے مرکزی دھارے میں شامل ہوں -انہوں نے کہا کہ 2016ء کے انتخابات میں برنی سینڈرز کو پولش امریکن کہاگیا-ان کے آباؤاجداد 200سال پہلے پولینڈ سے امریکہ آئے تھے -آج سے 200سال بعد بھی پاکستانی امریکنوں کے بچوں کو پاکستانی امریکن ہی کہا جائے گا-انہوں نے کہا کہ آپ کو پاکستان کی اس شناخت پر فخر کرنا چاہئے-انہوں نے کہا کہ ہر ایک پاکستانی امریکن کو اپنا کردار ادا کرنا ہے-انہوں نے کہا کہ امریکہ کے مرکزی دھارے میں شمولیت کا سب سے زیادہ فائدہ آپ ہی لوگوں کو پہنچے گا-انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کی آدھی زندگی اسی آس میں گزر جاتی ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم نے ایک دن واپس اپنے ملک چلے جانا ہے-انہوں نے کہا کہ اس خیال کو چھوڑ دیں وہ یہاں پر اپنی جڑیں مضبوط کریں -تقریب سے مسلم فرینڈز آف ٹرمپ کے چیئرمین ساجد تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے -انہوں نے کمیونٹی پر زور ڈالا کہ وہ باہر نکل کر آنے والے انتخابات میں ووٹ ڈالیں -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اکبر ایس احمد نے سفییر پاکستان کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئے سفیر کی قیادت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید پھلیں پھولیں گے اور دونوں ممالک کی ترقی میں نئے سفیر اہم کردار ادا کریں گے-تقریب سے پاپا کے صدر خرم شہزاد،سیکرٹری جنرل یوسف چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات ثاقب الاسلام نے بھی خطاب کیا
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن( پاپا) کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک کمیونٹی ڈنر کے موقع پر مسلم برائے ٹرمپ کے صدر اور معروف بزنس مین ساجد تارڑ کو اعزازی شیلڈ پیش کر رہے ہیں- تصویر میں (پاپا) کے صدر خرم شہزاد ‘ جنرل سیکرٹری یوسف چوہدری اور انفارمیشن سیکرٹری ثاقب الاسلام بھی موجود ہیں -(دنیا فوٹو زاہد حسین)