ٹی ایل پی کا ممکنہ احتجاج؛ اسلام آباد / راولپنڈی داخلی خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند ، میٹرو سروس معطل

اسلام آباد / راولپنڈی: (صفدر حسین سے) راولپنڈی میں تحریک لبیک پاکستان کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہر کو ایک بار پھر کنٹینر سٹی میں تبدیل کر دیا ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت 37مقامات کو بلاکنگ پوائنٹس قرار دے کر کنٹینرز، ٹرالرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ مری روڈ، فیض آباد، موتی محل چوک، شمس آباد، ڈھوک کالا خان، آئی جے پی روڈ، پنڈورہ چونگی، کھنہ پل اور چک مدد سمیت درجنوں اہم شاہراہیں مکمل طور پر بند ہیں جب کہ اسلام آباد سے ملانے والے تمام راستوں پر بھی آمدورفت معطل ہے۔ جی ٹی روڈ پر ٹیکسلا چوک، براہمہ انٹرچینج، فتح جنگ ٹول پلازہ، چک بیلی موڑ، گوجرخان، مندرہ ٹول پلازہ اور چکوال موڑ سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے کلمہ چوک، رحیم آباد، گلزار قائد، سواں پل اور اڈیالہ روڈ پر بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

جڑواں شہروں میں میٹرو سروس معطل

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل ہے اور تمام اسٹیشنز پر پولیس فورس تعینات ہے۔ دوسری جانب راستے بند ہونے سے شہریوں، دفتری ملازمین اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

موبائل فون سروس مکمل بند

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے الاقصیٰ مارچ کی کال کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ رات سے موبائل فون سروس مکمل طور پر بند ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جڑواں شہروں کو ملانے والی تمام اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی وے اور فیض آباد فلائی اوور کے نچلے حصے پر صرف ایک لین کو ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے جب کہ مرکزی شاہراہوں پر رکاوٹوں کے باعث سروس روڈز پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔

شہریوں کو شدید پریشانی

ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں یا رہنمائی کے لیے مؤثر انتظامات نہ کیے جا سکے، جس کے سبب اسکولوں، دفاتر، اور دیگر مقامات پر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔راولپنڈی میں صورتحال زیادہ سنگین ہے، جہاں مری روڈ اور اس سے ملحق تمام چھوٹے بڑے راستے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔مریضوں، دفاتر جانے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو راستوں کی بندش کے باعث شدید دشواری کا سامنا ، جبکہ روات، ٹی چوک اور موٹر وے بند ہونے سے بیرون شہر سے آنے والے افراد بھی خوار ہوئے۔

ہوٹل، دکانیں اور بینکس بند

اسی طرح مری روڈ کے دونوں اطراف واقع تمام دکانیں، ہوٹل اور ریستوران بند کرا دیے گئے ہیں اور میٹرو بس سروس کے اسٹیشنز کو خالی کرا کر پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ 

Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация