Latest News, National Urdu News, Urdu News
ہم اور ریپبلکن پارٹی ٹرانس جینڈرازم کے اہم موضوع پر ایک پیج پر ہیں، نیویارک کے پبلک سکولوں میں نافذ کئے جانے والے اس بے راہ روی پر مبنی قانون کا مل کر مقابلہ کریں گے،پاکستانی امریکنز کو ہیلتھ کیئر کے شعبے میں جابز فراہم کرنے والی اور(سی ڈی پی اے پی) متعارف کرانے والی محترمہ فرح حسین کاخطاب
ہم ریپبلکن پارٹی کی سابقہ مسلم مخالف پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتے جبکہ نیویارک کے سکولوں میں نافذ کئے جانے والے اس بے راہ روی کے قانون کے خلاف ہیں جس کی بدولت ہمارے بچوں کی نسل تباہ ہو جائے گی،ہم ریپبلکن پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں،سینئر ایڈوائزر دارالعلوم نیویارک سید ایاز شاہ
کوئنز،نیویارک (منظور حسین سے)
ہل سائیڈ جمائیکامیں واقع مسلمانوں کے عظیم مدرسے اور اسلامک سکول دارالعلوم نیویارک میں گزشتہ روز ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کانگریس مین پال کنگ،ڈسٹرکٹ 28سے اسمبلی کے امیدوار جوناتھن رینالڈی،کمیونٹی کی ممتاز شخصیت اور ہیلتھ کیئر پروائڈر محترمہ فرح حسین،دارلعلوم نیویارک کے ایڈوائزر سید ایاز شاہ کے درمیان نیویارک کے سکولوں میں ٹرانس جینڈر اور (ایل جی بی ٹی) کی تعلیمی پالیسیوں کے حوالے سے ایک میٹنگ کااہتمام کیاگیاجس میں مقررین نے نیویارک کے سکولوں میں حکومتی سطح پر نافذ کی جانے والی ٹرانس جینڈر کی پالیسیوں کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا
مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ ان کا اپنا ملک ہے جہاں پر وہ اپنے عقائد،مذہب اور تہذیب وثقافت کے مطابق خود اور اپنے بچوں کی زندگیاں ڈھالنا چاہتے ہیں اور وہ حکومت کو کسی طور پر بھی نیویارک کے سکولوں میں غیر اخلاقی،غیر مذہبی پالیسیوں کانفاذ نہیں کرنے دیں گے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکنز کو ہیلتھ کیئر کے شعبے میں جابز فراہم کرنے والی اور(سی ڈی پی اے) پی متعارف کرانے والی محترمہ فرح حسین کا کہنا تھا کہ ایک بہترین معاشرہ کسی طور پریہ اجازت نہیں دیتا کہ ان کے بچوں کوانسانی آزادیوں کے نتیجے میں بے راہ روی کی جانب گامزن کر دیاجائے اورہمارے بچے اپنی جنس سے متعلق غلط سوچ کا شکار ہو جائیں جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو گا-ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ریپبلکن پارٹی ٹرانس جینڈرازم کے اہم موضوع پر ایک پیج پر ہیں اور نیویارک کے پبلک سکولوں میں نافذ کئے جانے والے اس بے راہ روی پر مبنی قانون کا مل کر مقابلہ کریں گے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوناتھن رینالڈی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس قانون کے خلاف متبادل نظام بھی موجود ہے اور وہ نیویارک کے سکولوں میں نافذ کئے جانے والے ٹرانس جینڈر ازم کے اس قانون کے خلاف میدان عمل میں آئے ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم نیویارک کے سینئر ایڈوائزر سید ایاز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ریپبلکن پارٹی کی سابقہ مسلم مخالف پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتے جبکہ وہ نیویارک کے سکولوں میں نافذ کئے جانے والے اس بے راہ روی کے قانون کے خلاف ہیں جس کی بدولت ہمارے بچوں کی نسل تباہ ہو جائے گی ریپبلکن پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں -نیویارک کے پبلک سکولوں میں ان دنوں کم عمربچوں کو ٹرانس جینڈر ازم یعنی قوم لوط کی تعلیم اور اپنی من پسند زندگی کی تعلیم دی جارہی ہے جس سے مسلمانوں میں سخت تشویش پیدا ہو چکی ہے اور وہ اس بارے میں سوچنا شروع ہو چکے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو پبلک سکولوں میں پڑھائیں یا نہیں
یاد رہے کہ نیویارک کے پبلک سکولوں میں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے جبکہ نیویارک میں قائم چیدہ چیدہ اسلامک سکولوں میں بچوں سے سینکڑوں ڈالر ماہانہ فیس وصول کی جاتی ہے جس کی وجہ سے عام گھرانے بچوں کو اسلامک سکولوں میں پڑھانے سے قاصر ہے