نیویارک :(دنیا انٹرنیشنل) : – امریکن پاکستانی پبلک افئیرزکمیٹی ( اے پی پیک) کے ہونیوالے الیکشن کے سلسلے میں نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا انتخاب عمل میں آگیا ہے الیکشن میں ڈاکٹر پرویز اقبال پریذیڈنٹ ، ندیم اختر وائس پریذیڈنٹ ، نعیم چوہدری جنرل سیکرٹری ، فیصل خان ٹریژرر،اورنگزیب پیرزادہ ممبر ایٹ لارج ہو گئے ہیں ۔”اے پی پیک “ کے موجودہ صدر امتیاز راہی سمیت ایگزیکٹو کمیٹی اپنی دو سالہ ٹرم پوری کرنے کے بعد رواں سال کے آخر میں عہدوں سے سبکدوش ہو جائیں گے جس کے بعد منتخب عہدیداران کے عہدوں کی معیاد جنوری 2025سے شروع ہو گی ۔
”امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی“ کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدیداران کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی ہے اور یقین کا اظہار کیا ہے کہ وہ تنظیم کو مزید موثر اور فعال بنانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔ ”اے پی پیک“ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نو منتخب عہدیداروں نے اپنے انتخاب پر شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، وہ اس پر پورا اترنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔ واضح رہے کہ ”اے پی پیک “ کا شمار پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم و نمائندہ تنظیموں میں ہوتا ہے جس کے مقاصد میں سے ایک اہم ترین مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ امریکن پاکستانی کمیونٹی ، امریکی نظام کا موثر حصہ بنے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔