معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے سیاسی میدان میں آنا ہوگا، عمیر بٹ

ورجینیا ہاؤس آف ڈیلیگیٹس ڈسٹرکٹ 26 سے پاکستانی نژاد ری پبلکن امیدوار کا فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب

شینٹے لی، ورجینیا (زاہد حسین)

ورجینیا ہاؤس آف ڈیلیگیٹس کے ڈسٹرکٹ 26 سے ری پبلکن پارٹی کے پاکستانی نژاد امیدوار عمیر بٹ نے کہا ہے کہ اگر ہم معاشرے میں مثبت تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں سیاست میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ محترمہ کیری این موزلے (سابق صدر، لاؤڈن کاؤنٹی ریپبلکن ویمن کمیٹی) کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عمیر بٹ نے کہا کہ وہ ریپبلکن اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں، جن میں کاروباری ترقی، خاندانی روایات کا تحفظ، معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور سابقہ فوجیوں کی دیکھ بھال شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ والد ہونے کے ناطے اسکولوں میں بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے اسکولوں میں آرمڈ گارڈز کی موجودگی ضروری ہے۔

عمیر بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اب تک 40 سے 50 تقاریب میں شرکت کر چکے ہیں، اور عوامی پذیرائی سے پرامید ہیں کہ وہ یہ انتخاب جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور 4 نومبر کو باہر نکل کر ووٹ ڈالیں۔ پیشگی ووٹنگ 19 ستمبر سے شروع ہو کر 4 نومبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر گلین ینگکن سمیت متعدد ریپبلکن رہنماؤں نے ان کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کی کامیابی ہو گی۔ تقریب میں مختلف شخصیات نے بھی خطاب کیا، جن میں کاؤنٹی ٹریژر ہنری ارل برگ، اسٹیٹ ڈیلیگیٹ ڈسٹرکٹ 30 کے گیری ہیگن، اسکول بورڈ کی رکن کیری لابل، سابق کانگریس امیدوار مائیک کلینسی، سیکرٹری کامرس ہووان پابلو سگورا، اور سابق کاؤنٹی سپروائزر کن ریڈ شامل تھے۔

تقریب میں عمیر بٹ کے والد نسیم بٹ، بھائی وقار بٹ، اہلیہ اور بچے بھی شریک تھے۔ عمیر بٹ نے تمام شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация