اسلام آباد :(صفدر حسین سے) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے فیکلٹی بورڈ کا اجلاس گذشتہ روز ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چار سالہ بی ایس کے 2نئے پروگرامز(بی ایس انٹرنیشنل ریلیشنزاور بی ایس سائیکالوجی)کی منظوری دی گئی۔اس اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے بی ایس، ایم ایس/ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی سکیم آف سٹڈیز کے علاوہ دیگرمتعلقہ تدریسی و نصابی امور کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش اور وژن کے مطابق یونیورسٹی سماجی و معاشی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی پروگرامزمتعارف کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،ڈگری یافتہ جاہل پیدا کرنے کے بجائے بہتر ہے کہ تعلیم کے معیار پر پوری توجہ دی جائے۔ڈاکٹر عبدالعزیز ساحرنے فیکلٹی ممبران کو ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خاص توجہ دی جائے، کیونکہ ہنر مند معاشرے کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتاہے۔انہوں نے فیکلٹی ممبران کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام نئے پروگرامزکو منظوری کے لئے اکیڈمک کونسل بھیجنے سے قبل اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اِن تعلیمی پروگرامز کے معیارات، کریڈٹ آورز کی تعداد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی اور ہدایات سے ہم آہنگ ہوں۔اجلاس میں ایم فل داخلوں کا کیرٹیریا بھی زیر بحت آیا، اس بات پر حاصل سیر گفتگو ہوئی کہ داخلے کی اہلیت میں کمی کرکے داخلے کے لئے اپلائی کی شرط 50فیصد سے کم کرکے 45فیصد کیا جائے، اس ضمن میں طے یہ ہوا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن، ایکریڈیشن کونسل و دیگر متعلقہ اداروں سے کنفرم کرکے داخلے کی اہلیت میں کمی کا ختمی فیصلہ کریں گے۔تمام پروگرامز کی کلاسز کی تعداد بڑھانے ا ورکشاپس کی تاریخوں کو فکسڈ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیاتاہم ختمی منظوری ایگزیکٹو کونسل سے لی جائے گی۔ اجلاس نے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے مشن اور وژن کے مطابق یونیورسٹی میں تدریسی و تحقیقی ترقی کا اعادہ بھی کیا۔