علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں 50سالہ تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لئے میوزیم قائم
اے اے او یو میوزیم فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت کو مزیداُاجاگر کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود
اسلام آباد:(صفدر حسین سے)
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنی 50سالہ تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لئے “اے آئی او یو ہسٹری میوزیم” قائم کردیا ہے جس میں ترکمانستان کے عظیم شاعر قلی فراغی کارنر اور ایرانی کارنر بھی قائم کئے گئے ہیں۔قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سیکرٹری، حسن ناصر جامی نے گذشتہ روز اس میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے، افتتاحی تقریب میں پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر عطا جان نورلیویچ اورتاجکستان، ازبکستان، ایران، روس، ترکیہ اور ملایشیا کے سفارتی وفود کے علاوہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آ ف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کی صدر، ڈاکٹر فرحت آصف، ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر سلیم مظہر نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوسرے مرحلے میں ” ترکمانستان کے عظیم شاعر،مخدوم قلی فراغی کے 300ویں یوم پیدائش اورشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی فکری میراث”پر بین الاقوامی سائنسی وعملی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری، حسن ناصر جامی نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں میوزیم کے قیام پردلی خوشی ہوئی ہے، میوزیم میں قلی فراغی کارنر کے قیام سے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلیمی و ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میوزیم کی سماجی، ثقافتی اور تاریخی ورثے میں اضافے کے لئے اوپن یونیورسٹی کو ہمارے ادارے کی خدمات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ فراغی اور اقبال کے شاعری صوفیانہ کلام سے بھر ی پڑی ہے۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ قلی فراغی کے ڈیڑھ سو سال بعد علامہ اقبال آئے جن کی تعلیمات وہی ہیں جو فراغی کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں شاعروں کی سوچ و افکار میں مماثلت ہے، دونوں نے حب الوطنی، خود ی اور خود داری، اتفاق و اتحاد، انسانیت اور خیرسکالی کا درس دیا ہے۔ترکمانستان کے سفیر نے کہا کہ قلی فراغی کی 300 ویں پیدائش پر ترکمانستان میں تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا اور پاکستان میں بھی یہ تقریبات ہورہی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ قلی فراغی کی کلام مختلف زبانوں میں شائع ہوا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ اقبال کا کلام عشق رسولؐ سے مزین ہے جو تمام امت کے لئے فیضیاب ہونے کا وسیلہ ہے۔ ترکمانستان اسٹیٹ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر، ڈاکٹر سردر عطایو نے قلی فراغی کی خدمات پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔ڈاکٹر سلیم مظہراور ڈاکٹر فرحت آصف نے بھی دونوں شاعروں کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس تقریب کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ترکمانستان کے سفارتخانے اور انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کے تعاون سے کیا تھا۔