اسلام آباد : (صفدر حسین سے) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے حوالے گذشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے کی جبکہ مہمان خصوصی، سینٹ جان پال دوئم پیرش اقبال ٹاؤن کے ریورنڈ فادر اعظم صدیق تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل تحسین ہے، اسی طرح یونیورسٹی کو یہاں تک پہنچانے میں تمام عملے کے ساتھ آپ کا کردار بھی نہایت اہم رہا ہے۔ ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ یہ ہم سب کی یونیورسٹی ہے یہاں اقلیتوں کی حقوق کو تحفظ حاصل ہے اور انہیں وہ تمام سہولتیں مل رہی ہیں جو دوسرے ملازمین کو ملتی ہیں۔ وائس چانسلر نے مسیحی کارکنوں کو کرسمس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر سال باقاعدگی سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی یوم ولادت کو شاندار اندازسے مناتی ہے کیونکہ قرآن مجید نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو عظیم ترین نبیوں میں شمار کیا ہے اور اُن کا ذکر مختلف القاب سے کیا ہے، اسی وجہ سے اُن کی ولادت صرف مسیحی براداری کی نہیں ہم سب کی خوشی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریورنڈ فادر اعظم صدیق نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ کرسمس کی یہ تقریب اور یونیورسٹی کے اس آڈیٹوریم میں آویزاں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے یہ دو تصاویر ہم مسیحی براداری کو حصول تعلیم کی جانب راغب کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِن دونوں قومی قائدین نے مشن سکولوں سے ہی تعلیم حاصل کی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے یونیورسٹی میں کرسمس تقریب کے انعقاد پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹراز، راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ کے علاوہ ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت دیگر ملازمین و افسران اور تقریباً80۔ مسیحی ملازمین شریک تھے۔تقریب میں کرسمس کیک کاٹا گیا، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں اور اس موقع پر مسیحی برادری کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ پاسٹرشیراز نے بائبل سے منتخب آیات پڑھیں اور بین المذاہب ہم آہنگی ٗ ملکی سلامتی ٗ عالم انسانی معاشرے کی بھلائی پر روشنی ڈالی۔تقریب کا اہتمام ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر ورکس اور اسٹیٹ آفس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔