اسلام آباد: ( صفدر حسین سے )
اسلام آباد کے سینٹ گیبیرل سکول کے طلباء و طالبات کے ایک گروپ نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک روزہ مطالعاتی دورہ کیا۔ پہلے مرحلے میں بچوں کو یونیورسٹی کی پرنٹنگ پریس کا دورہ کرایا گیا جہاں پر پرنٹنگ پریس کے انچارج، ڈاکٹر سرمد اقبال نے بچوں کو وہاں موجود مشینیں دکھائی اور ڈیزائننگ، پیسٹنگ، پلیٹنگ و پرنٹنگ کے تمام مراحل تفصیل سے بیان کیں۔بچوں کے سوال پر ڈاکٹر سرمد اقبال نے جواب دیا کہ ایشین یونیورسٹیوں میں سب سے بڑی پرنٹنگ پریس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ہے اور اس پریس سے ہم ہر سمسٹر میں 20لاکھ کتابیں پرنٹ کراتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یہ مشینیں پاکستان کے علاوہ جاپان، جرمنی، برطانیہ اور چین سے درآمد کی گئیں ہیں۔بچوں کو کال سینٹر، فیسی لیٹیشن سینٹر کے دورے کے دوران وہاں پر طلبہ کی سہولتوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔یہاں پر طلبہ کے سوال پر انہیں بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر کال سینٹر میں 1500کالز اٹینڈ ہوتی ہیں اور طلبہ کو مطلوبہ معلومات فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ اس سے زیادہ تعداد میں طلبہ اپنے مسائل کے حل کے لئے فیسی لیٹیشن سینٹر کا وزٹ کرتے ہیں اور ان کے مسائل یہاں ایک ہی چھت کے نیچے حل کئے جاتے ہیں۔بعد ازاں بچوں کو لائبریری اور ریڈیو /ٹی وی سٹوڈیوز کا دورہ کرایا گیا۔ بچوں نے لائبریری کی اقبال گیلری میں خاصی دلچسپی لی اور مختلف سوالات کئے، لا ئبریری کے سینئر کیٹیلاگر محمد اسحاق نے بچوں کو تسلی بخش جوابات دئیے۔یونیورسٹی کے ریڈیو /ٹی وی سٹوڈیوز کو دیکھ کر بچوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اورتعجب کا اظہار کرتے ہوئے بولا کہ ہم نے تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کسی تعلیمی ادارے میں بھی ریڈیو اور ٹی وی سٹوڈیوز ہوتے ہیں۔بچوں نے یونیورسٹی کے دورے پر اپنے تاثرات میں کہا کہ ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ ہم کسی ترقی یافتہ ملک کی یونیورسٹی میں آئے ہیں کیونکہ یہاں تعلیمی سہولتیں، انتظامی معاملات سمیت یونیورسٹی کی تمام چیزیں تصور سے زیادہ خوبصورت اور لاجواب تھیں۔ بچوں نے جاتے جاتے پاکستان زندہ باد اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی زندہ باد کے نعرے لگائے۔