نیویارک : پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سینئر صحافی اور ویکلی آواز کے ایڈیٹر محمد فرخ جن کی والدہ کا لاہور ، پاکستان میں انتقال ہو گیا تھا، کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ و قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ خصوصی دعا کا اہتما م کیا گیا۔ اکنا مرکز اسلامک سنٹر میں منعقدہ فاتحہ و قرآن خوانی میں محمد فرخ کے قریبی دوست احباب، صحافتی برادری کے ارکان اور کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی طور پر فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی ۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے معروف اسلامک سکالر صاحبزادہ پیر سید تصور الحسن شاہ گیلانی نے دین اسلام میں زندگی اور موت اور اولاد اور پسماندگان کے حقوق کے حوالے سے اہم تعلیمات بیان کیں ۔ اکنا مسجد کے امام نے مرحومہ کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کروائی ۔ کمیونٹی رکن راجہ رزاق کی جانب سے بار گاہ رسالت ﷺ میں نعت کی صورت میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا گیا۔ محمد فرخ نے علماءکرام اور ان تمام دوست احباب کا شکریہ ادا کیا کہ جو ان کی والدہ کے غم میں شریک ہوئے۔ انہوں نے دوست احباب سے اپیل کی کہ وہ ان کی والدہ مرحومہ کو اپنی دعاوں میں یاد رکھیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے رہیں ۔ فاتحہ خوانی اور دعا میں شریک شرکاءکی جانب سے محمد فرخ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور ان کے درجات بلند فرمائیں