“سفارت کاری اور کشمیری جدوجہد”کے موضوع پر سیمینار پاک۔انڈیا جنگ نے جنوبی ایشیا اور عالمی سیاست کا توازن بدل دیا۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

اسلام آباد ( صفدر حسین سے) بھارت کے ساتھ ہمارا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں، خطے میں جنگ و جدال نہیں لیکن جب کبھی دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو پاکستانی افواج نے ہر بار ایسا دندان شکن جواب دیا کہ دشمن کو اپنے عزائم پر پچھتانا پڑا۔ مئی 2025ء کی چار روزہ جنگ میں بھی ہماری بہادر افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جس نے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا کی سیاست کے توازن کو بدل کر رکھ دیا۔” اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گذشتہ روز یونیورسٹی میں ” مئی 2025کا جائزہ: سفارت کاری اور کشمیری جدوجہد” کے عنوان سے ایک علمی و فکری سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ناصر محمود کا مزید کہنا تھا کہ آپ اپنی طاقت سے کسی کو مجبور تو کرسکتے ہیں مگر اُن کی آواز کو ہمیشہ کے لئے ختم نہیں کرسکتے، یہی کشمیر کا معاملہ بھی ہے انڈیا چاہے جتنی طاقت استعمال کرلے،کشمیری عوام کی درد بھری آواز خاموش نہیں ہوگی۔وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتِ پاکستان کبھی بھی کشمیر اور فلسطین کے معاملات پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔فیک نیوز کے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود کو جھوٹی خبروں کے اثر سے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب دنیا معلومات کی جنگ کا سامنا کر رہی ہے، سیاست، مذہب اور سماج کے ہر شعبے میں فیک نیوز کا پھیلاؤ معاشرتی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیا لٹریسی ناگزیر ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ ذمہ داری اور شعور کا مظاہرہ کریں تاکہ جھوٹ اور گمراہ کن خبروں سے معاشرے میں انتشار پیدا نہ ہو۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اور دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے ہمیں مل جل کر سوچنا ہوگا کہ ترقی اور مثبت تبدیلی کے راستے کیسے ہموار کیے جائیں۔ فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے فیکلٹی میں دو نئے شعبہ جات، ”سائیکالوجی” اور ”سیاست و بین الاقوامی تعلقات” کے قیام پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے بی ایس پروگرام میں طلبہ کی تعداد پہلے سمسٹر کے 250 سے بڑھ کر 600 ہو گئی ہے اور اگلے سمسٹر سے سائیکالوجی اور سیاسیات میں بھی بی ایس پروگرام شروع کیا جائے گا۔سیمینار کا اہتمام شعبہ سیاست و بین لاقوامی تعلقات نے کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ریلیشنز کے فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر محمود حسین اور ڈاکٹر وقار الٰہی نے کہا کہ مئی 2025ء کی جنگ میں دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان مسلم دنیا کا واحد ایسا ملک ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس ہے اور ایک ناقابل شکست قوم کی حیثیت رکھتا ہے۔

Share it :

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Войти Регистрация