واشنگٹن ڈی سی(نیوز ڈیسک)امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں کے لئے پاکستانی سفارتخانے کے دروازے کھلے ہیں اور سفارتخانے کا مکمل انفراسٹرکچر اور افرادی قوت کمیونٹی کے لئے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانے میں تقریبات منعقد کرنے کے حوالے سے سہولت کاری کی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ اس سلسلے کو مزید بڑھاتے رہیں گے۔سفارتخانہ واشنگٹن کے جمشید مارکر ہال میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہمارا تشخص اور ہماری اصل پہچان ہے۔ہم میں سے کوئی بھی آج یہاں نہ ہوتا اگر پاکستان نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سکونت اختیار کرنے والا ہر شخص ہمیشہ پاکستانی امریکن کے طور پر جانا جائے گا لہذا ہم سب کا فرض ہے کہ مادرِ وطن کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وابستگیوں اور ترجیحات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور خصوصاً معاشی تعلقات کی مضبوطی سے امریکہ میں مقیم پاکستانی براہ راست استفادہ کریں گے۔ اس شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے مجھے آپ سب کی مدد کی ضرورت ہے۔ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں تاکہ پاک امریکہ مشترکہ مفادات کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔امریکہ کے سیاسی افق پر پاکستانی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کے سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ قبل ازاں چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تارکین وطن کے لئے او ورسیز فاؤنڈیشن کی خدمات اور مستقبل کی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب سے کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں جواد شیرازی، اسد چوہدری، عائشہ خان اور مظہر چغتائی نے بھی خطاب کیا۔