واشنگٹن: امریکی صدارتی الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن انتظامیہ اور حکمراں جماعت کی امیدوار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اس وقت دنیا کی تاریخ کے بدترین سرحدی بحران سے گزر رہا ہے۔ جس نے ہماری سرزمین پر ان گنت مشکلات کا اضافہ کیا ہے جو مصائب اور اموات کو ساتھ لایا ہے۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب کملا ہیرس امریکا-میکسیکو سرحد کے دورے پر ہیں۔
سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں آج یہاں آپ کو حقائق بتانے آیا ہوں کہ کیسے کملا ہیرس نے جان بوجھ کر ہمارے ملک کو تباہ کرنے میں مدد کی، ہمارا ملک کبھی اس طرح محاصرے میں نہیں رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے گزشتہ دور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کملا ہیرس کو امریکی تاریخ کی سب سے محفوظ سرحد وراثت میں ملی تھی جس میں غیر قانونی امیگریشن ریکارڈ حد تک کم تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ میری ان کاوشوں پر کملا ہیرس نے عہدہ سنبھالتے ہی یہ حکم دیکر پانی پھیر دیا کہ ٹرمپ کی ہر وہ پالیسی ختم کر دیں جس نے سرحد کو سیل اور محفوظ کیا تھا اور سرحدی دیوار کی تکمیل کو فوری طور پر روکنے کا بھی حکم دیا تھا جو تقریباً مکمل ہو چکی تھی۔