امیر منہاج القرآن علامہ نفیس حسین قادری کا فکر انگیز خطاب ، ملٹی نیشنل فیملیز ، بچوں بڑوں اورخواتین کی بڑی تعداد میں شرکت
تویاما (طاہر حسین سے)
جشن عید میلاد النبی کمیٹی تویاماکے زیراہتمام پیر کے روز ایک عظیم الشان سالانہ میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس میں بچوں بڑوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اس نورانی محفل میں شرکاء نے تلاوت ، درود وسلام اور نعت کے نذرانے پیش کئے ستائیسویں سالانہ میلاد شریف میں شرکت کیلئے اہل تویاما کی دعوت پرخصوصی طور پرتشریف لائے ہوئے منہاج القرآن جاپان کے امیر علامہ نفیس حسین قادری نے عشق مصطفے ﷺ کے موضوع پر فکر انگیز اور دلوں کو منور کردینے والا خطاب کیا
شام 6 بجے سے جاری ہونے والی یہ روحانی محفل رات گئے تک جاری رہی ، نماز مغرب کے بعد 2 گھنٹے جاری رہنے والی پہلی نشست میں ملٹی نیشنل بچوں کی کثیر تعداد نے جاپانی ترجمے کیساتھ قرآن پاک کی تلاوت کی ، پاکستانی ، انڈونیشن ، ملائشین اور جاپانی بچوں نے سیرت رسول ﷺ کے موضوع پر جاپانی زبان میں زبردست تقاریر کیں ، جبکہ بچوں کی بڑی تعداد نے اردو ، عربی اور جاپانی زبان میں خوبصورت نعتیں پڑھ کر خوب داد وتحسین بھی حاصل کی ۔
دوسری نشست کا آغاز نماز عشا کے بعد تقریبا سوا 8 بجے ہوا ، جس کا آغاز جاپان کے چوٹی کے نعت خوان حضرات نے دربار رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کرکے کیا ۔ جن میں حامد خان ، محمد ندیم ، سہیل احمد ، تویاما یونیورسٹی کے ڈاکٹر عمر ، ڈاکٹر اسرار ، گنما کین سے تشریف لائے ہوئے جناب عمر اور تویاما کے شاہد اعوان شامل ہیں ۔ بعدازاں علامہ نفیس حسین قادری نے سیرت مصطفے ﷺ پر عظیم الشان خطاب کرکے حاضرین مجلس کے دلوں کو خوب گرمایا ۔
جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کی اس روحانی محفل کا اختتام درود وسلام پر ہوا ،منہاج القرآن جاپان کے صدر ملک ممتاز احمد ، چاچارشید ،محمد زبیر میمن ، زبیر ساہی ، عقیل شیخ ، اعجاز بوبی ، زاہد اعوان ، ارشداعوان ، ملک ساجد ، محمدعلی ، نواب علی اور دیگر کے زیرانتظام تیار کئے گئے لذیز ذائقہ سے بھرپور انواع واقسام کے کھانوں ، خوش ذائقہ زردے ، انتہائی مزیدار حلوے نان ، قورمے اورمشروبات سے عاشقان مصطفے ﷺ کی خصوصی تواضع کی گئی ۔ پروگرام کے اختتام پر مسجد میں موجود تمام مسلمان علامہ نفیس حسین قادری سے مصافحہ اور گلے ملنے کیلئے لپک پڑے اور دیر گئے تک معزز مہمان کیساتھ تصاویر بنواتے رہے ۔
واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام اسلئے بھی تھا کہ تویاما مسجد کی دوسری منزل پر خواتین اور فیملیز کیلئے پہلی بار خصوصی انتظامات کئے گئے تھے تاکہ وہ بھی اس دینی محفل میں شریک ہوکر جاپان کے صفحہ اول کے نعت خوانوں سمیت معزز مہمان کا خطاب براہ راست سن سکیں ۔