ٹوکیو (دنیا انٹرنیشنل): جاپان کی مرکزی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے نئے صدر اِشیبا شِگیرُو نئی انتظامی صف بندی کا فیصلہ کر رہے ہیں۔ جناب اِشیبا نے اپنی کابینہ میں ردوبدل سے ایک دن پہلے پیر کے روز پارٹی کی نئی قیادت کا اعلان کیا۔ سابق وزیر اعظم سُوگا یوشی ہیدے ایل ڈی پی کے نائب صدر اور پارٹی کے نائب صدر آسو تارو پارٹی کے مشیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ جنرل کونسل کے چیئرپرسن موری یاما ہیروشی سیکرٹری جنرل اور وزیر خزانہ سُوزُوکی شُن اِیچی جنرل کونسل کے چیئرپرسن بن گئے ہیں۔ سابق وزیر دفاع اونودیرا اِتُسونوری پالیسی ریسرچ کونسل کے چیئرپرسن بنے ہیں۔ جناب اِشیبا نے سابق وزیر ماحولیات، کوئزُومی شِنجیرو کو انتخابی حکمت عملی کمیٹی کا چیئرپرسن منتخب کیا ہے۔ جہاں تک کابینہ کے عہدوں کا تعلق ہے، اِشیبا سابق وزیر دفاع اِیوایا تاکیشی کو وزیر خارجہ اور سابق چیف کابینہ سکریٹری کاتو کاتسُونوبُو کو وزیرِ خزانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سابق وزیر دفاع ناکاتانی گین کی دوبارہ اسی منصب پر تعیناتی کا امکان ہے۔ چیف کابینہ سیکریٹری ہایاشی یوشی ماسا کا منصب برقرار رہے گا۔