اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ‘ کارکردگی بیسڈ ایوارڈز ‘کی تقریب گذشتہ روز وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں سال 2024ء کے دوران بہترین خدمات انجام دینے والے119اساتذہ، افسران اورسٹاف ممبران کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دئیے گئے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایوارڈ حاصل کرنے والے ملازمین و افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’کارکردگی بیسڈ ایوارڈز’کی تقریب اب یونیورسٹی کی مستقل تقریب ہوگی جس میں ہر سال غیر معمولی نوعیت کی خدمات کی انجام دہی والے ملازمین کو انعامات سے نوازا جائے گا جس سے نہ صرف اِن محنتی ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ دوسروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ترغیب ملے گی۔ایوارڈزکے چیک اور اسناد وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے ڈینز ا ور رجسٹرارنے تقسیم کئے۔رجسٹرار، راجہ عمر یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایوارڈز کی اس تقریب سے یونیورسٹی میں مثبت مقابلے کی فضاء قائم ہوگی، یونیورسٹی کا ہر ملازم برتری حاصل کرنے کے لئے بڑھ چڑھ کر محنت کرے گا۔رجسٹرار نے یونیورسٹی کے سٹاف ممبر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، محنت اتنی خاموشی سے کریں کہ اگلے سال آپ کی کامیابی شور مچائے۔اس موقع پر رجسٹرار نے یہ اعلان بھی کیا کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کارکردگی ناپنے کے لئے پیرامیٹرز مرتب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاکہ شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جاسکے، ایس او پیز کی تیاری آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جسے وائس چانسلر کی منظوری سے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ارسال کیا جائے گا اور اگلے سال اِن اصول و ضوابط کی روشنی میں ایوارڈز کی نامزگیاں کی جائیں گی۔








